samaa ke workers ko bara jhatka 2,222

آئی ایم سما کہنے والے صحافیوں کی برطرفیاں شروع۔۔

آئی ایم سما کا راگ الاپنے والے کئی صحافیوں کو سما نے بیک جنبش قلم گزشتہ روز برطرفی کا پروانہ تھما دیا۔۔ پپو نے انکشاف کیا ہے کہ آئی ایم سما کی کمپین چلا کر تمام صحافتی تنظیموں اور چند “شرپسند” کو جھوٹا قرار دینے والے، خود کو ایک فیملی قرار دینے والے اور کسی قسم کی چھانٹی یا برطرفی کا دعویٰ کرنے والی سما انتظامیہ نے گزشتہ روز اچانک لاہور، کراچی سمیت ملک بھر سے نہ صرف اچانک برطرفیاں شروع کردیں، بلکہ درجنوں لوگوں کو اپنی پرفارمنس بہتر کرنے سے متعلق نوٹسز بھی جاری کرتے ہوئے انہیں دس روز کی مہلت دے دی، پپو نے انکشاف کیا ہے کہ گزشتہ روز نکالے گئے اکثر لوگ وہی تھے جو سما ٹی وی کا لوگو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر لگا کر آئی ایم سما ہونے کا دعویٰ کررہے تھے اور ابھی اس دعوے کو ایک ماہ بھی ٹھیک سے نہیں گزرا ، سما چینل نے انہیں نکال باہر کیا۔۔ملک بھی قائم سماء کے دفاتر میں کھلبلی مچ گئی، ملازمین کی پریشانی بڑھ گئی۔ سماء کراچی بیورو میں نیوز سے دو کیمرہ مین اور ایک کیمرہ مین پروگرامنگ سے نکالا گیا، ایک کیمرہ مین کی بیٹی کی اگلے ماہ شادی ہے، وہ چھٹی پر تھا اسے گھر سے بلا کر برطرفی کا لیٹر دیا گیا، وہ کہتا رہ گیا، بیٹی کی اگلے ماہ شادی کے بعد نکال دیں، ابھی نہ نکالیں لیکن نقارخانے میں طوطی کی کون سنتا ہے۔ کراچی بیورو میں دو اسائنمنٹ ایڈیٹرز اور خاتون رپورٹر سمیت پانچ رپورٹرز کو نوٹس جاری کر دیے گئے، پپو کا کہنا ہے کہ کراچی بیورو سے بھی چار سے پانچ رپورٹرز کو نکالنے کا فیصلہ کرلیاگیا ہے، اب فیصلہ چینل انتظامیہ کرے گی کہ جن رپورٹرز کو لیٹرز جاری کئے ہیں انہیں نکالنا ہے یا پھر قربانی کا بکرا کسی اور کو بنانا ہے۔۔لاہور ہیڈ آفس سے اسپورٹس شو کے ایگزیکٹیو پروڈیوسر جو اب پروگرام اکانومی میٹرز کے بھی ای پی تھے نکال دیا گیا جبکہ ایک خاتون ایسوسی ایٹ پروڈیوسر کو بھی فارغ کر دیا گیا۔ اس ایگزیکٹیو پرڈیوسر نے سما کے اسپورٹس شوز کے علاوہ ، عید شوز اور تمام اہم ایونٹس پر اسپیشل شوز کئے ، اپنے اوقات کار سے زیادہ دفتر میں ٹائم دیا لیکن چینل انتظامیہ نے بھی اس کو ٹشوپیپر سمجھ لیا اور جب موڈ ہوا دودھ میں سے مکھی کی طرح چینل سے باہر نکال پھینکا۔۔ لاہور ہیڈآفس میں کراچی سے تعلق رکھنے والے ایک پرڈیوسر کو بھی جو دس سال سے سما کا ملازم ہے،اسے بھی شوکاز تھما دیا جس سے اس کی طبیعت اچانک بگڑ گئی اسے فوری اسپتال لے جایا گیا، لیکن شکر ہے جس طرح پرامپٹر آپریٹر معیز کے ساتھ ہوا تھا اور وہ چل بسا تھا،اس باریہاں ایسا نہیں ہوا، پرڈیوسر فوری ریکور ہوگیا، ورنہ پھر سوشل میڈیا پر خبریں وائرل ہوجاتیں، اور سما انتظامیہ دھونس، دھمکیوں اور جبر سے اپنے ورکرز کو کہتی آئی ایم سما کی کمپین چلاؤ ،چینل کا امیج بناؤ، ورنہ نوکری سے نکال دیئے جاؤ گے۔۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں