sahafion ke khilaaf jaari notices wapis lene ka hukum

صحافیوں کے خلاف جاری نوٹسز واپس لینے کا حکم۔۔۔

سپریم کورٹ نے تنقید کی بناء پر صحافیوں کے خلاف جاری نوٹسز فوری واپس لینے کا حکم دیتے ہوئے ڈی جی ایف آئی اے کو صحافیوں کیساتھ ملاقات کرنے کی ہدایت کر دی۔ایف آئی اے کی جانب سے صحافیوں کو ہراساں کرنے کے خلاف ازخود نوٹس کیس کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی۔عدالت نے حکم دیا کہ تنقید کرنا ہر شہری اور صحافی کا حق ہے اس لیے معاملہ صرف تنقید تک ہے تو کسی کے خلاف کوئی کارروائی نہ کی جائے۔ سپریم کورٹ نے عدالت میں طلب کیے گئے صحافیوں کے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی سے بھی روک دیا۔سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ وفاقی حکومت صحافیوں پر تشدد کے خلاف رپورٹ دو ہفتے میں فراہم کرے اور بتایا جائے مقدمات میں اب تک کیا پیش رفت ہوئی ہے؟عدالتی حکم نامے کے مطابق آگاہ کیا گیا ملزمان کا تعلق وفاقی حکومت کے ماتحت حساس ادارے سے ہے اور بتایا گیا کہ نوٹسز عدالت کو تنقید کا نشانہ بنانے پر جاری کیے گئے ہیں۔چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل کو ہدایت کی کہ ‏گالم گلوچ الگ بات ہے لیکن ایف آئی اے محض تنقید کی بناء پر کارروائی نہ کرے۔ اٹارنی جنرل نے حکومت کی جانب سے تنقید پر کارروائی نہ کرنے کی یقین دہانی کروا دی۔‏اٹارنی جنرل سے مکالمہ کرتے ہوئے چیف جسٹس نے اہم ریمارکس دیے کہ تنقید روکنے کے سخت خلاف ہوں کیونکہ آزادی صحافت آئین میں ہے، میرا مذاق بھی اڑائیں مجھے کوئی فکر نہیں لیکن عدلیہ کا مذاق اڑائیں گے تو ملک کا نقصان ہوگا۔ سپریم کورٹ پر تنقید ضرور کریں لیکن آئین میں بھی کچھ حدود ہیں۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اگر آپ یہ سمجھ رہے ہیں کہ تنقید روک کر میرا یا سپریم کورٹ کا فائدہ کر رہے ہیں تو آپ نقصان کر رہے ہیں، صحافی اگر عدالتی فیصلوں پر تنقید کرتے ہیں تو کریں لیکن کسی کو تشدد پر اکسانے یا انتشار پھیلانے کا معاملہ الگ ہے، کسی بھی صحافی یا عام عوام کو بھی تنقید کرنے سے نہیں روک سکتے، سپریم کورٹ بارے تنقید پر کوئی بارے کوئی مقدمہ درج نہیں ہوگا۔صحافتی تنظیموں نے استدعا کی کہ ایف آئی اے کی جانب سے بھیجے گئے نوٹسز معطل کیے جائیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ کل کیس دوبارہ سن رہے ہیں، ہم یہی ہیں بے فکر رہیں۔صحافیوں کو ہراساں کرنے کے خلاف ازخود نوٹس کیس کی سماعت منگل  کیلئے  ملتوی کر دی گئی۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں