جیونیوز کے صحافی علی عمران کے لاپتہ ہونے اور واپسی کے معاملے پر جوائنٹ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنانے کافیصلہ کیا گیا ہے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے حسان صادق سربراہ ہوں گے۔نجی ٹی وی جیونیوز کے صحافی کے لاپتہ اور واپسی کے معاملے پر وزیرداخلہ اعجاز شاہ نے بڑا قدم اٹھالیا۔ وزیرداخلہ اعجاز شاہ کی جانب سے جوائنٹ فیکٹ اینڈ فائنڈنگ کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے حسان صادق کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔ آئی جی اسپیشل برانچ سندھ،جوائنٹ ڈائریکٹرجنرل آئی بی کمیٹی کاحصہ ہیں۔آئی جی سندھ پولیس بھی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کے ممبر ہوں گے۔ معاملے پر کمیٹی وفاقی اورصوبائی حکومتوں سے تعاون کرے گی۔ وزارت داخلہ کے مطابق کمیٹی ارکان واقعہ کی شفاف رپورٹ یقینی بنائیں گے۔خیال رہے کہ صحافی علی عمران جمعہ کے روز لاپتہ ہوئے اور 22گھنٹے بعد انہوں نے اہلیہ کو فون کر کے بتایا کہ میں والدہ کے گھر پہنچ گیا ہوں۔ صحافی کے لاپتہ ہونے پر وزیراعظم عمران خان نے نوٹس لے کر تحقیقات کی ہدایت کی تھی۔دریں اثناوفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ صحافی علی عمران کا واپس آنا کافی نہیں،سندھ حکومت ایک ہائی لیول انکوائری کمیٹی تشکیل دےجو معاملےکی تہہ تک پہنچے اور لوگوں کو حقائق سےآگاہ کیا جائے،اپنے ایک ٹویٹ میں انھوں نے کہا کہیں ایسے واقعات اداروں کو بدنام کرنے کیلئے تو نہیں سٹیج کئے جا رہے؟ اور اگر کو ئی ملوث ہےتو پھر اس کو مثال بنایا جائے، یہ پاکستان کی عزت کیلئے اہم ہے۔

