pfuj sindh action committe ka ijlas talb

صحافی کا قتل، ملک گیر احتجاج کا اعلان۔۔

پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے  نصراللہ گڈانی شہید کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے 25 مئی کو ملک گیر احتجاج کا اعلان۔پی ایف یو جے صدر افضل بٹ ، سیکرٹری جنرل ارشد انصاری اور سیکرٹری فنانس لالہ اسد پٹھان نے مشترکہ بیان میں کہا ہے  کہ نصراللہ شہید کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے ہفتہ کے روز پاکستان کے تمام پریس کلبوں پر سیاہ پرچم لہرائے جائیں اور مظاہرے کئے جائیں گے۔دریں اثنا کراچی پریس کلب نے عوامی آواز گھوٹکی کے رپورٹر نصرللہ گڈانی کے قاتلانہ حملے میں شدید زخمی ہونے کے بعد کراچی کے مقامی اسپتال میں وفات پر انتہائی دکھ کا اظہار کیا ہے۔جمعہ کو کراچی پریس کلب سے جاری مذمتی بیان میں کراچی پریس کلب کے صدرسعید سربازی،سیکرٹری شعیب احمد ،نائب صدرعبدالرشید میمن اور اراکین مجلس عاملہ نے کہاکہ گھوٹکی سے تعلق رکھنے والے عوامی آواز کے رپورٹر نصراللہ گڈانی ایک بے باک صحافی تھے انہیں سچ لکھنے اور بولنے کی پاداش میں گولیاں مار کر شہید کیا گیاہے اس افسوسناک واقعے کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں،کراچی پریس کلب کے عہدیداروں نے کہاکہ ایک صحافی پر فرائض کی ادائیگی کے دوران جس طرح قاتلانہ حملہ کیا گیا یہ اداروں کی کارکردگی پر ایک سوالیہ نشان ہے، کچھ عرصہ قبل سکھر کے صحافی جان محمد مہر کو قتل کرنے والے قاتل آج بھی آزادانہ گھوم رہے ہیں اور ہمارے ادارے اور فورسز ان کو گرفتار کرنے سے قاصر اور بے بس ہیں جس پر نا صرف سندھ بلکہ پورے ملک کی صحافی برادری کو شدید تشویش ہے ۔کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی اور سیکرٹری شعیب احمد نے وزیراعلی سندھ، وزیراطلاعات سندھ، وزیرداخلہ سندھ اور آئی جی  سندھ سمیت دیگراعلی حکام سے نصراللہ گڈانی کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کرنے اور صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیاہے۔علاوہ ازیں  پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس دستور کے صدر حاجی نواز رضا، سیکریٹری جنرل اے ایچ خانزادہ اور کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور کے صدر خلیل احمد ناصر اور جنرل سیکریٹری نعمت خان نے صحافی نصراللہ گڈانی کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ شہید صحافی کے قاتلوں کو فورا گرفتار کرے۔  اپنے بیان میں پی ایف یو جے کے صدر حاجی نواز رضا اور سیکریٹری جنرل اے ایچ خانزادہ نے کہا کہ نصراللہ ایک بہترین صحافی تھے انہوں نے جہاں مقامی مسائل پر بھرپور آواز اٹھائی اور باثر شخصیات اور مقامی فیکٹریوں کی  ناانصافی کے بارے میں رپورٹ کیا وہاں کچے کے ڈاکوں کو اسلحہ فراہمی کے نیٹ ورک کو بے نقاب کیا۔ جس کے پاداش میں ان کو قتل کردیا گیا۔ اے ایچ خانزادہ نے کہا کہ نصراللہ کی آواز کو دبانے کی ہر ممکن کوشش کی گئی ہے اور گزشتہ سال  ان کو ایم پی او کے تحت نظر بند بھی کردیا گیا مگر شہید صحافی نے آواز اٹھانا بند نہیں کیا۔ اے ایچ خانزادہ نے کہا کہ جنوری میں شہید صحافی نے اپنے فیس بک پر لکھا کہ لوگ حادثات میں مرتے ہیں اگر وہ شہید ہوئے تو یہ قربانی ہوگی۔  کراچی یونین آف جرنلسٹس کے صدر طاھر حسن خان جنرل سیکریٹری سردار لیاقت کشمیری و اراکین مجلس عاملہ نے میر پور ماتھیلو کے صحافی نصراللہ گڈانی کی مغفرت کی دعا کرتے ھوئے کہا ھے کہ شہید نصراللہ گڈانی کا لہو رنگ لائے گا ان کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی قاتلوں اور ان کے سہولت کاروں کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے کے یو جے سمیت ملک بھر کے صھافی پی ایف یو جے کی قیادت میں بھر پور جدوجہد کی جائے گی- شہید نصراللہ گڈانی کو مسلح افراد نے فائرنگ کرکے زخمی کردیا تھا انہیں علاج معالجے کے لئے کراچی منتقل کیا گیا تھا تاھم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ھوئے انتقال کرگئے کے یو جے کے صدر طاھر حسن خان ، جنرل سیکریٹری سردار لیاقت کشمیری و اراکین مجلس عاملہ نے شہید صحافی کے علاج معالجے کے لئے تعاون کرنے پر حکومت سندھ وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن اور ائیرایمبولینس فراھم کرنے پر فیصل ایدھی کا شکریہ اداکرتے ھوئے کہا کہ حکومت سندھ کی ذمہ داری بڑھ گئی ھے سندھ عامل صحافیوں کے لئے خطرناک ھوتا جارھا ھے گزشتہ ایک سال میں سکھر ڈویژن میں دو مضبوط و معروف صحافیوں شہید جان محمد مھر اور شہید نصراللہ گڈانی کو شہید کیا گیا اور قاتل تاحال گرفتار نہیں ھوسکے کے یو جے رھنماوں نے کہا صحافی برادری کے تحفظ کے لئے کے یو جے ھر اول دستے کا کردار ادا کررھی ھے اور یہ عمل جاری رھے گا۔۔سکھر یونین آف جرنلسٹس کے صدر امداد بوزدار،جنرل سیکرٹری اور سیکرٹری فنانس کاشف پھلفوٹو ، سکھر پریس کلب کے صدر آصف ظہیر لودھی ، جنرل سیکرٹری شوکت نوناری اور سیکرٹری فنانس لالہ شہباز خان نے زور دیا ہے کہ صحافیوں کے تحفظ کو ہر سطح پر ترجیح دی جائے اور صحافیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کی جانب سے اجتماعی کارروائی کی ضرورت پر زور دیا۔تمام رہنماؤں نے ایک مشترکہ بیان میں زور دیا کہ صحافیوں کا تحفظ ایک نازک مسئلہ ہے جس پر فوری توجہ اور کارروائی کی ضرورت ہے۔  انہوں نے حکام، میڈیا تنظیموں اور سول سوسائٹی پر زور دیا کہ وہ صحافیوں کے لیے خوف یا نقصان کے خوف کے بغیر اپنے فرائض سرانجام دینے کے لیے ایک محفوظ اور سازگار ماحول پیدا کرنے کے لیے مل کر کام کریں۔پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (ورکرز) کے مرکزی نائب صدر عرفان آرائیں، حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس (ورکرز) کے صدر ناصر شیخ، جنرل سیکریٹری امجد اسلام، سینئرنائب صدر آفتاب رند، نائب صدر اصغر خانوٹی، جوائنٹ سیکرٹری امتیاز کھاوڑ، خازن رانا حمبل،  ایف ای سی ممبران عبداللہ سروہی، عمران پاٹولی، اراکین گورننگ باڈی جاوید چنہ، غلام قادر توصیفی، عاشق ساند، آصف شیخ، ریحان غنی و دیگر ممبران نے میرپورماتھیلو کے سینئر صحافی نصراللہ گڈانی پر قاتلانہ حملے کے نتیجے میں انہیں شہید کئے جانے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ میں صحافی غیر محفوظ ہوگئے ہیں، صحافیوں پر قاتلانہ حملے، انہیں گرفتار کرنے اور جھوٹے مقدمات قائم کرنا معمول بن گیا ہے جبکہ صحافیوں پر حملہ کرنے والے اور انہیں شہید کرنے والے ملزمان نہ تو گرفتار کئے جاتے ہیں اور نہ ہی متاثرہ صحافیوں کی کوئی داد رسی کی جارہی ہے ، انہوں نے کہاکہ نصراللہ گڈانی پر حملہ آزادی صحافت پر حملہ ہے جسے کسی طورپر بھی برداشت نہیں کیا جائیگا۔ ۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں