امریکی قونصل خانہ کراچی کی ترجمان برٹنی اسٹیورٹ نے کہا ہے کہ صنف سے ہر کسی کو سروکار ہونا چاہیے کیونکہ یہ سب لوگوں پر اثرانداز ہوتی ہے ، خواتین سے متعلق موضوعات پر رپورٹنگ کرتے وقت صنفی بنیادوں پر قائم دقیانوسی خیالات کے بجائے خواتین جیسی ہیں ویسے ہی رپورٹ کرنا چاہیے ، اس طرح صحافی حضرات عام لوگوں کا رویہ مثبت طریقے سے تبدیل کرسکتے ہیں، صحافی ایسی رپورٹنگ کریں جس میں مکمل حقائق ہوں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے امریکی قونصل خانہ کراچی اورمقامی این جی او کے تحت ایک ورچوئل صحافتی میلے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امریکی قونصل خانے کے اعلامیے کے مطابق اس میلے کے انعقاد کے بعد صنفی برابری پر رپورٹنگ سے متعلق چلنے والا ایک سالہ منصوبہ ’’صحافت کے مستقبل کی تشکیل نو‘‘ اپنے اختتام کو پہنچا۔ اس منصوبے کے تحت امریکی اور پاکستانی تربیت کاروں نے سکھر اور حیدرآباد میں دو تربیتی سیشن اور سندھ و بلوچستان کی مختلف جامعات میں 32 آن لائن ورکشاپس منعقد کیں۔ ۔

