کراچی یونین آف جرنلسٹس نے نیوز ون ٹی وی کے سابق ملازم وباص احمد کی ہلاکت کا ذمہ دار نیوز ون کی انتظامیہ کو ٹہراتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ نیوز ون کی انتظامیہ اپنے تمام سابق ملازمین کے واجبات فوری طور پر ادا کرے کراچی یونین آف جرنلسٹس کے صدر نظام الدین صدیقی، جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی سمیت مجلس عاملہ کے تمام اراکین کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اطلاعات کے مطابق وباص احمد نیوز ون میں ڈی ایس این جی آپریٹر تھے ایک سال قبل انہیں ڈی ایس این جی کے ہمراہ ایک کوریج کے لیے سکھر بھیجا گیا لیکن انہیں سفری اخراجات اور قیام و طعام کے لیے خاطر خواہ رقم نہیں دی گئی سکھر پہنچنے تک ہی دی گئی رقم ختم ہوگئی تھی اور پھر انہیں اچانک سکھر سے اسلام آباد جانے کا حکم دیدیا گیا جس پر وباص احمد نے سفری اخراجات کے لیے رقم دینے کی درخواست دی اور رقم نہ ملنے پر وباص احمد سکھر سے کراچی واپس آگئے تھے نیوز ون کی انتظامیہ نے وباص احمد کو بغیر رقم اور تنخواہ کام نہ کرنے پر بغیر نوٹس جاری کیے یک جنبش قلم نوکری سے فارغ کردیا تھا لیکن اس وقت بھی وباص احمد کی 4 ماہ کی تنخواہ واجب الادا تھی جو ان کے بھائی فیضان احمد کے مطابق آج تک ادا نہیں کی گئی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ وباص احمد ایک تعلیم یافتہ نوجوان تھا جس نے بیروزگاری کے بعد اپنے گھر کے اخراجات پورے کرنے کے لیے بائیکیا چلانا شروع کردی تھی گذشتہ دنوں اپنی نوکری کے دوران وہ ٹریفک حادثے میں جان کی بازی ہار گیا بیان میں کہا گیا ہے کہ وباص احمد کا جرم یہ تھا کہ اس نے بغیر سفری اخراجات کے سکھر سے اسلام آباد جانے سے انکار کیا ایک تعلیم یافتہ نوجوان کے ساتھ نیوز ون کی انتظامیہ کا یہ سلوک ناصرف غیر انسانی بلکہ مروجہ لیبر قوانین کی بھی خلاف ورزی ہے کے یو جے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وباص احمد ہی نہیں نیوز ون کے کئی دیگر سابق ملازمین کے حوالے سے بھی اسی نوعیت کی شکایات ملی ہیں کے یو جے نے ایسے تمام ملازمین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے واجبات کے حوالے سے تفصیلات کراچی یونین آف جرنلسٹس کو فراہم کریں تاکہ چینل انتظامیہ کیخلاف ضروری قانونی کارروائی کی جاسکے۔
