بلوچستان میڈیا فورم کے مرکزی صدر قیوم بلوچ نے کہا ہے کہ صحافیوں اور میڈیا پرسنز کے حقوق کے تحفظ کے لیے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا اور ان کے بنیادی حقوق سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوں گے۔بلوچستان میں صحافت اور صحافی برادری اس وقت ایک مشکل دور سے گزر رہی ہے، جہاں صوبے بھر میں کام کرنے والے نامہ نگار، ٹی وی چینلز کے بیورو چیفس اور دیگر میڈیا پرسنز مختلف مسائل، معاشی مشکلات اور عدم تحفظ کی صورتحال سے دوچار ہیں۔ میڈیا سے وابستہ افراد دن رات عوام تک خبریں پہنچانے اور حقائق کو منظر عام پر لانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں، لیکن بدقسمتی سے ان کی خدمات کے مقابلے میں انہیں وہ بنیادی سہولیات اور معاشی تحفظ حاصل نہیں جو ان کا حق ہے۔ حکومت اور متعلقہ اداروں کو چاہیے کہ وہ صحافیوں کے مسائل کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کریں اور بلوچستان میڈیا فورم کے دس نکاتی مطالبات کو تسلیم کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں میڈیا پرسنز کے ایک نمائندہ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں اکرم بلوچ، شاہنواز خان، نثار احمد، ریاض مینگل، فدا جتک، حمزہ شہباز، ندیم احمد، الطاف حسین اور عدنان بلوچ شامل تھے۔ اس موقع پر وفد کے ارکان نے بلوچستان میڈیا فورم کے مرکزی صدر قیوم بلوچ کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے بلوچستان میڈیا فورم میں شمولیت کا اعلان کیا۔ قیوم بلوچ نے وفد کی شمولیت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میڈیا فورم کا بنیادی مقصد صحافیوں، نامہ نگاروں، ٹی وی چینلز کے بیورو چیفس اور دیگر میڈیا پرسنز کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر متحد کرکے ان کے مسائل کے حل کے لیے مؤثر آواز بلند کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافت محض ایک پیشہ نہیں بلکہ عوام تک درست معلومات پہنچانے، معاشرتی مسائل کی نشاندہی کرنے اور عوامی حقوق کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرتی ہے، اس لیے صحافیوں کو درپیش مشکلات کو نظرانداز کرنا کسی بھی صورت مناسب نہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے دور دراز علاقوں میں خدمات انجام دینے والے نامہ نگار محدود وسائل کے باوجود اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں، مگر ان کی معاشی مشکلات، مراعات کی کمی اور پیشہ ورانہ تحفظ کے مسائل پر خاطر خواہ توجہ نہیں دی جا رہی۔ خصوصاً مقامی سطح پر کام کرنے والے میڈیا پرسنز کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ٹھوس پالیسی اور عملی اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ وہ بلاخوف و خطر اپنی ذمہ داریاں ادا کر سکیں اور ان کے خاندانوں کو بھی معاشی تحفظ میسر آسکے۔ مرکزی صدر بلوچستان میڈیا فورم نے واضح کیا کہ فورم صحافی برادری کے جائز حقوق، معاشی تحفظ، پیشہ ورانہ آزادی اور فلاح و بہبود کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ دس نکاتی مطالبات کی منظوری اور صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے متعلقہ حکام تک آواز پہنچائی جائے گی، جبکہ صوبے کے تمام اضلاع میں میڈیا پرسنز کو منظم کرکے ان کے مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششیں کی جائیں گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئے شامل ہونے والے ساتھی فورم کو مزید مضبوط بنانے اور صحافی برادری کے حقوق کی جدوجہد میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔
13
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل