پنجاب یونین آف جرنلسٹس کے صدر نعیم حنیف اور جنرل سیکرٹری قمرالزمان بھٹی نے دنیا نیوز کے ادارے لاہور نیوز، روزنامہ دنیا اور دنیا نیوز سے درجنوں ملازمین کو نوکری سے فارغ کرنے،جبری ریٹائرڈ کرنے کے نوٹسز اور لاہور نیوز کے چار پروگرامز بند کرکے ملازمین کی چھانٹیاں کرنے کی مذمت کرتے ہوئے دنیا نیوز کی انتظامیہ سے تمام ملازمین کو بھجوائے گئے نوٹسز فوری واپس لینے اور نکالے گئے ملازمین کو فوری بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔پی یوجے کی ایگزیکٹو کونسل نے دنیا نیوز کی انتظامیہ کے ایک ذمہ دار افیسر کی طرف سے ادارے کے سینئر صحافی سے بدتمیزی کرنے اور گالیاں دینے کی بھی شدید مذمت کی ہے اور اس افسوس ناک واقعے پر انتظامیہ کے ذمہ دار آفیسر کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ پی یوجے کے صدر نعیم حنیف، جنرل سیکرٹری قمرالزمان بھٹی، سینئر نائب صدر خرم پاشا، نائب صدر شیر علی خالطی، جوائنٹ سیکرٹری خالد رشید،طلال اشتیاق، خزانچی جواد حسن گل اور ایگزیکٹو کونسل نے دنیا نیوز میڈیا گروپ کے مالک میاں عامر محمود،گروپ ایڈیٹر کاظم خان اور اہم ڈی نوید کاشف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ دنیا نیوز میڈیا گروپ کے اداروں میں اچانک درجنوں ملازمین کو فارغ کرنے کے نوٹسز کے اجراء اور چار پروگرام بند کرنے اور سینئر ملازمین کی جبری ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لیں۔ پی یوجے کے صدر نعیم حنیف اور جنرل سیکرٹری قمرالزمان بھٹی نے کہا کہ پی یوجے ان غیر قانونی اقدامات اور ملازمین کی نوکریوں کے تحفظ کے لئے قانونی راستہ اختیار کرتے ہوئے عدالت عالیہ کا دروازہ بھی کھٹکھٹائے گی۔ جبکہ دنیا نیوز گروپ سمیت جبری چھانٹیاں کرنے والے میڈیا اداروں کے خلاف بھرپور احتجاج بھی کیا جائے گا۔
330
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل