لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری سینئر نائب صدر سلمان قریشی ، نائب صدر ناصر عتیق ، نائب صدر مدیحہ الماس، جنرل سیکرٹری افضال طالب، جوائنٹ سیکرٹری عمران شیخ، فنانس سیکرٹری سالک نواز اور اراکین گورننگ باڈی نے قومی نشریاتی ادارے پاکستان ٹیلی ویژن کے ملازمین کو دو ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ پی ٹی وی کے ملازمین کو دو ماہ سے تنخواہیں ادانہیں کی گئیں ، وفاقی وزارت اطلاعات کو اس معاملہ پر سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے ، گورننگ باڈی مطالبہ کرتی ہے کہ پاکستان ٹیلی ویژن کے ملازمین کی تنخواہوں کی فوری ادائیگی یقینی بنائی جائے ، سرکاری ادارے کی یہ روش سراسر مالیاتی بد انتظامی ہے جس کے ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے ۔ لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری نے کہا کہ پی ٹی وی کے ملازمین کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے باعث ان کی مالی حالت انتہائی دگرگوں ہے، ملازمین اپنی جمع پونچی اور قرض لے کر ضروریات زندگی چلانے پر مجبور ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کو صورتحال پر فوری ایکشن لیتے ہوئے ملازمین کو ہنگامی بنیادوں پر تنخواہیں جاری کرائیں۔ جنرل سیکرٹری افضال طالب نے صورتحال کو تشویش ناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر سرکاری ادارے میں حکومت تنخواہیں دلوانے سے قاصر ہے تو پرائیویٹ سیکٹر میں تنخواہوں کی ادائیگی پر عملدارآمد کیسے کروائے گی۔ انھوں نے کہا کہ پی ٹی وی ملکی تاریخ کا اہم حصہ ہے، پی ٹی وی کے ملازمین کے ساتھ یہ رویہ وزارت اطلاعات کی ناکامی ہے اور اس کے ذمہ داران کا تعین کر کے سزادی جائے ۔ انہوں نے وزیر اطلاعات سے مطالبہ کیا کہ ملازمین کی تنخواہیں فی الفور جاری کی جائیں اور تاخیر پر ملازمین سے معذرت کی جائے۔
165
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل