پاکستان سپر لیگ سیزن سکس کیلئے آئندہ ماہ ہونے والی ڈرافٹنگ کیلئے نئے چیف سلیکٹرکی تقرری کا انتظار کیا جا رہا ہے ،پشاور زلمی سے منسلک سابق فاسٹ بالر محمداکرم مضبوط امیدوار بن کر سامنے آئے ہیں جو تقرری کے بعد ڈرافٹ پول میں مقامی کھلاڑیوں کی شمولیت کیلئے طریقہ کار طے کر نے سمیت فہرست کا جائزہ لیں گے ،چھٹے ایڈیشن کیلئے تیاریوں کا آغازکردیا گیا ،کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث تقریب کو نیشنل سٹیڈیم کی کھلی فضا میں کرانے پر غور جاری ہے جہاں دسمبر کے دوسرے ہفتے میں میلہ سجائے جانے کا امکان ہے ۔تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ سیزن سکس کیلئے ڈرافٹنگ کی غرض سے تیاریوں کا آغاز ہو گیا ہے اور ذرائع کا دعویٰ ہے کہ اس مرتبہ یہ عمل کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں مکمل کیا جائے گا البتہ اس بات پر سنجیدگی کے ساتھ غور کیا جا رہا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر اس مرتبہ تقریب کھلی فضا میں کرائی جائے جس کا انعقاد دسمبر کے دوسرے ہفتے میں ہونے کا امکان ہے ۔واضح رہے کہ اس سے قبل پی ایس ایل کے گزشتہ ایڈیشنز کیلئے دبئی ،لاہور اور اسلام آباد میں تقریبات کا اہتمام کیا گیا تھا لیکن اس بار ایک نیا شہر ڈرافٹنگ ایونٹ کی میزبانی کرے گا جو ممکنہ طور پر کراچی ہوگا ۔ دلچسپ ترین بات یہ ہے کہ پی سی بی کی جانب سے مصباح الحق کی جگہ نئے چیف سلیکٹر کے نام کا اعلان تاحال نہیں کیا جا سکا جو اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد اب صرف ہیڈ کوچ کی حیثیت سے فرائض کی انجام دہی کرینگے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پشاور زلمی کے کوچنگ سٹاف کی سربراہی کرنیوالے سابق فاسٹ بالر محمد اکرم قومی چیف سلیکٹر کے منصب کیلئے اہم ترین امیدوار ہیں جن کو نیا عہدہ سنبھالنے کے بعد یقینی طور پر مفادات کے تصادم سے بچاؤ کی خاطر فرنچائز کے معاملات سے سے ناطہ توڑنا ہوگا جس کیلئے انہوں نے رضامندی بھی ظاہر کردی ہے تاہم بعض معاملات پر گفت و شنید بدستور باقی ہے جس کے بعد باضابطہ طور پر ان کے نام کا اعلان کردیاجائیگا۔اگر ان کی تقرری کردی جاتی ہے تو پھر وہ ڈرافٹ پول میں مقامی کھلاڑیوں کی شمولیت کیلئے طریقہ کار طے کرنے سمیت مکمل فہرست کا جائزہ لیں گے جس کے بعد ڈرافٹنگ کا عمل مکمل کیا جائے گا۔

