216

ایک نیوز، آج نیوز کے ملازمین کو فوری تنخواہیں ادا کی جائیں، پی ایف یوجے۔۔۔۔

پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) نے ڈان نیوز کے مختلف بیوروز سے اسٹاف کی غیر قانونی چھانٹیوں اور مختلف اداروں میں سٹاف کو تنخواہوں کی عدم ادائیگیوں کی شدید مزمت کی ہے۔ ڈان نیوز نے گزشتہ چند روز میں اسلام آباد، لاہور اور کراچی سے تیس سے زائد ورکرز کو غیر قانونی طور سبکدوش کر دیا ہے جو کسی بھی طور قابل قبول نہیں ہے۔ نیز ایک نیوز، آج نیوز سمیت کئی اداروں کی جانب سے سٹاف کی ماہانہ تنخواہیں بھی ادا نہیں کی گئیں جبکہ گزشتہ چند ماہ میں نکالے گئے سٹاف کے بقایاجات بھی تا حال ادا نہیں کئے گئے۔ پی ایف یو جے صدررانا محمد عظیم، سیکرٹری جنرل شکیل احمد، سیکرٹری فنانس شہر بانو اور ارکان فیڈرل ایگزیکٹو کونسل نے کہا ہے کہ پاکستان میڈیا ورکرز بد ترین دور سے گزر رہے ہیں۔میڈیا مالکان تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور ڈاؤن سائزنگ کے نام پر چھانٹیوں جیسے غیر قانونی کام کر رہے ہیں جو ورکرز کے معاشی قتل کے مترادف ہے مگر بار بار کی یاد دہانیوں کے باوجود حکومت کی جانب سے اس کا کوئی نوثس نہیں لیا جا رہا بلکہ میڈیا مالکان کو پہلےسے زیادہ ادائیگیاں کی جا رہی ہیں۔ پی ایف یو جے لیڈر شپ نے مرکزی حکومت اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ میڈیا اداروں میں غیر قانونی چھانٹیوں اور تنخواہوں کی عدم ادائیگی کا فوری نوٹس لیتے ہوئے راست اقدامات کریں تاکہ میڈیا ورکرز میں پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ ہو سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں