senior sahafi traffic haadse mein shadeed zakhmi 203

صحافیوں کیلئے نئی قانون سازی کی مزاحمت کرینگے، پشاور پریس کلب۔۔

‏پشاور پریس کلب کی قیادت نے خیبرپختونخوا اسمبلی کے اختیارات، استثنیٰ اور استحقاق سے متعلق قانون میں ترامیم پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ صحافت اور اظہار رائے کی آزادیٔ پر کوئی وار برداشت نہیں کیا جائے گا۔ پشاور پریس کلب کے صدر ایم ریاض، جنرل سیکرٹری عالمگیر خان اور منتخب باڈی نے منگل کے روز اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ پشاور پریس کلب منتخب عوامی نمائندوں، معزز ارکانِ اسمبلی اور تمام آئینی و جمہوری اداروں کا مکمل احترام کرتا ہے اور پارلیمانی بالادستی پر یقین رکھتا ہے، تاہم کسی بھی قانون یا قانونی ترمیم کی آڑ میں راتوں رات صحافت، آزادیٔ اظہار اور شہریوں کے آئینی حقوق پر شبخون مارنے کے ہر کالے قانون کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا اور ایسی ہر کوشش کی بھرپور مزاحمت کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں صحافت کی تاریخ آزادیٔ اظہار کے تحفظ کے لیے دی گئی بے مثال قربانیوں سے عبارت ہے۔پشاور پریس کلب کی قیادت نے واضح کیا کہ پشاور پریس کلب ہمیشہ ذمہ دار، متوازن اور پیشہ ورانہ صحافت کے فروغ کے لیے کوشاں رہا ہے۔ صحافی برادری نے نہ صرف عوام کے مسائل کو اجاگر کیا بلکہ خیبرپختونخوا کے حقوق و مفادات کے تحفظ میں بھی نمایاں کردار ادا کیا ہے۔پشاور پریس کلب کی منتخب قیادت نے اس یقین کا اظہار کیا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی صاحب ان ترامیم سے متعلق صحافی برادری کے خدشات اور تحفظات کا فوری نوٹس لیں گے اور سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی صاحب کی مشاورت سے ان ترامیم پر صحافی برادری کے خدشات دور کیے جا سکیں اور آئین، جمہوری اقدار، آزادیٔ صحافت اور اظہارِ رائے کے بنیادی حق کے مکمل تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں