236

بیرون ملک مقیم صحافی کی بہن کے گھر پر حملہ،شوہر،بیٹی، بیٹا زخمی۔۔

حیدرآباد کے علاقے نسیم نگر تھانے کی حدود میں معروف صحافی امتیاز چانڈیو (حالیہ مقیم امریکا)کی بہن کے گھر پر مبینہ طور پر بااثر افراد نے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں خاتون کے شوہر، بیٹی اور بیٹا زخمی ہوگئے، جبکہ حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق نسیم پلازہ میں رہائش پذیر افشاں چانڈیو کے گھر پر 10 سے زائد مسلح افراد نے دھاوا بول کر حملہ کیا۔ حملے کے دوران گھر میں موجود افراد کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں افشاں چانڈیو کے شوہر، بیٹی اور بیٹا زخمی ہوگئے۔واقعے کے بعد زخمیوں کو نسیم نگر تھانے منتقل کیا گیا، جہاں پولیس کی جانب سے لیٹر جاری کیے جانے کے بعد انہیں طبی امداد کے لیے قاسم آباد اسپتال منتقل کر دیا گیا۔افشاں چانڈیو نے الزام عائد کیا ہے کہ گزشتہ کافی عرصے سے انہیں جنسی ہراسانی کا سامنا ہے اور اس حوالے سے متعدد بار متعلقہ حکام کو شکایات بھی درج کرائی جا چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاملہ عدالت تک بھی پہنچا، جہاں مخالفین سے معافی نامہ لیا گیا تھا، تاہم اس کے باوجود انہیں اور ان کے اہل خانہ کو مسلسل ہراساں کیا جا رہا ہے۔متاثرہ خاتون کا کہنا تھا کہ آج حملہ آوروں نے ان کے گھر پر چڑھائی کرکے ان کے شوہر، بیٹی اور بیٹے کو زخمی کر دیا، جس سے اہل خانہ میں خوف و ہراس پھیل گیا۔افشاں چانڈیو نے ڈی آئی جی حیدرآباد اور ایس ایس پی حیدرآباد سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ملوث بااثر افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے اور ان کے خاندان کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں