کراچی یونین آف جرنلسٹس (دستور) کے صدر نصراللہ چوہدری، سیکرٹری ریحان خان چشتی اور مجلس عاملہ نے آج نیوز کے ملازمین کو مسلسل تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر شدید تشویش، افسوس اور سخت احتجاج کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میڈیا ورکرز کو معاشی اذیت میں مبتلا رکھنا کھلی استحصالی پالیسی ہے جس کی کسی مہذب معاشرے میں گنجائش نہیں۔ کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور کی جانب سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ میڈیا ادارے صحافیوں اور ورکرز کی محنت سے چلتے ہیں، لیکن افسوس کے ساتھ بعض ادارے ملازمین کے بنیادی حقوق پامال کرتے ہوئے تنخواہوں کی ادائیگی میں مسلسل تاخیر یا عدم ادائیگی کو معمول بنا چکے ہیں۔ چار ماہ تک تنخواہوں کی بندش نے درجنوں خاندانوں کو شدید مالی بحران سے دوچار کردیا ہے۔ انہو نے وفاقی و صوبائی وزارت اطلاعات سے مطالبہ کیا کہ سرکاری اشتہارات کے اجرا کے نظام میں فوری اصلاحات کی جائیں اور تمام میڈیا اداروں کے لیے واضح پالیسی مرتب کی جائے کہ سرکاری اشتہارات صرف انہی اداروں کو دیے جائیں جو اپنے ورکرز اور ملازمین کو بروقت تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ میڈیا ہاؤسز کو عوامی وسائل سے حاصل ہونے والے اشتہارات کا فائدہ اٹھانے کی اجازت اس وقت تک نہیں ہونی چاہیے جب تک وہ اپنے ملازمین کے قانونی، اخلاقی اور مالی حقوق ادا نہ کریں۔ کراچی یو نین آف جرنلسٹس دستور نے کہاکہ حکومت سرکاری اشتہارات کو ورکرز کی تنخواہوں کی ادائیگی سے مشروط کرے اور اس عمل کی موثر نگرانی کے لیے شفاف نظام قائم کیا جائے۔کے یو جے دستور نے آج نیوز انتظامیہ سے فوری طور پر تمام بقایا تنخواہوں کی ادائیگی کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر ملازمین کے مسائل حل نہ کیے گئے تو صحافتی تنظیمیں مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے پر مجبور ہوں گی۔
274
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل