نجی نیوزچینل نیونیوز کے ملازمین کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے باعث شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ادارے کے متعدد ملازمین اگست اور ستمبر کی تنخواہوں سے محروم ہیں، جبکہ بعض ملازمین کو جولائی کی تنخواہ بھی تاحال نہیں مل سکی۔ تنخواہوں میں مسلسل تاخیر، انتظامی بے یقینی اور مزید ڈاؤن سائزنگ کی اطلاعات نے ادارے کے ملازمین میں تشویش پیدا کر دی ہے۔ پپو کے مطابق ادارہ اس وقت مالی بحران کا شکار ہے، جس کے باعث ملازمین کو بروقت تنخواہوں کی ادائیگی نہیں ہو رہی۔ دوسری جانب اکاؤنٹس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے گزشتہ دو ماہ سے ملازمین کو ادائیگی کے لیے مسلسل نئی تاریخیں دی جا رہی ہیں۔ ملازمین کو کبھی دو دن بعد تنخواہ ملنے کی یقین دہانی کرائی جاتی ہے تو کبھی اگلے ہفتے ادائیگی کا وعدہ کیا جاتا ہے، تاہم ان وعدوں کے باوجود تنخواہوں کی ادائیگی کا معاملہ حل نہیں ہو سکا۔پپو کے مطابق تنخواہوں کی تاخیر کے باعث بعض ملازمین ادارہ چھوڑ کر جاچکے ہیں، لیکن ان کی جگہ نئے ملازمین بھرتی نہیں کیے جارہے۔ اس صورت حال میں مختلف شعبوں میں پہلے سے موجود افرادی قوت کی کمی مزید سنگین ہونے کا خدشہ ہے۔ ملازمین کے لیے کام کا دباؤ بڑھ رہا ہے، جبکہ ادارے میں مزید ڈاؤن سائزنگ کی اطلاعات بھی گردش کرتی رہی ہیں، جس سے ملازمین میں اپنے مستقبل کے حوالے سے غیر یقینی صورت حال پیدا ہو گئی ہے۔ عمران جونیئر ڈاٹ کام کو ملنے والی اطلاعات کے مطابق ادارے کے اعلیٰ حکام کی جانب سے ملازمین کو مبینہ طور پر یہ پیغام دیا گیا ہے کہ موجودہ حالات میں ادارے کو جیسے چلایا جا رہا ہے، ویسے ہی چلایا جاتا رہے۔ اس صورت حال میں ملازمین کو نہ صرف تنخواہوں کی ادائیگی کے حوالے سے مشکلات کا سامنا ہے بلکہ ادارے کے مستقبل اور ملازمت کے تحفظ سے متعلق خدشات بھی بڑھتے جا رہے ہیں۔ ادارے سے منسلک سینئر صحافیوں نے اس خدشے کا اظہار بھی کیا ہے کہ ممکنہ طور پر ادارے کو اضافی مالی معاونت دستیاب نہیں ہو رہی اور چینل کو اپنی آمدن کےمطابق ہی اخراجات چلانے پڑ رہے ہیں۔ تاہم ادارے کی مالی صورت حال، چیئرمین کی پالیسی اور فنڈنگ سے متعلق ان دعوؤں پر متعلقہ انتظامیہ کا باضابطہ مؤقف سامنے آنا ضروری ہے۔ نیونیوزکے ملازمین کا کہنا ہے کہ تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے باعث گھریلو اخراجات، بچوں کی تعلیم،گھر کے کرایوں اور دیگر ضروری مالی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔ مسلسل وعدوں اور غیر یقینی صورت حال نے ملازمین کی پریشانی میں اضافہ کر دیا ہے۔ ملازمین کا مطالبہ ہے کہ ان کی واجب الادا تنخواہیں فوری ادا کی جائیں، مستقبل میں تنخواہوں کی بروقت ادائیگی یقینی بنانے کے لیے واضح لائحہ عمل دیا جائے اور مزید ڈاؤن سائزنگ سے متعلق پھیلنے والی اطلاعات پر بھی انتظامیہ وضاحت پیش کرے۔ملازمین اور میڈیا حلقوں کی جانب سے پنجاب حکومت، پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) اور وفاقی وزیر اطلاعات سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ نیو نیوز میں تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور ملازمین کو درپیش مسائل کا نوٹس لیا جائے، متعلقہ حکام سے وضاحت طلب کی جائے اور قانون کے مطابق ملازمین کے حقوق کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔
17
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل