نجی نیوز چینل نیو نیوز میں تنخواہوں کی عدم ادائیگی کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے، جہاں متعدد ملازمین جون اور جولائی کی تنخواہوں سے تاحال محروم ہیں۔ ملازمین کے مطابق تنخواہوں میں تاخیر کے باعث وہ شدید مالی مشکلات اور ذہنی دباؤ کا شکار ہیں۔تفصیلات کے مطابق نیو نیوز میں گزشتہ دو ماہ سے متعدد ورکرز کی تنخواہیں کلیئر نہیں ہوسکیں۔ ذرائع کے مطابق 50 ہزار روپے سے کم تنخواہ لینے والے بعض ملازمین کو جولائی تک کی ادائیگیاں کردی گئی ہیں، تاہم 50 ہزار روپے سے زائد تنخواہ لینے والے متعدد ملازمین کو جون اور جولائی کی تنخواہیں تاحال نہیں مل سکیں۔ تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے باعث ملازمین کو روزمرہ کے اخراجات پورے کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ ذرائع کے مطابق لاہور بیورو سے ایک نمائندہ بھی مبینہ طور پر تنخواہ کی عدم ادائیگی کے باعث استعفیٰ دے چکا ہے، جبکہ دیگر ڈیپارٹمنٹس سے بھی استعفے آنا شروع ہوگئے ہیں۔ ۔ ملازمین کا کہنا ہے کہ صورتحال یہاں تک پہنچ چکی ہے کہ بعض ورکرز کے پاس دفتر آنے جانے کے لیے موٹر سائیکل میں پٹرول ڈلوانے کے پیسے بھی نہیں رہے۔ دوسری جانب اکاؤنٹس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ملازمین کو گزشتہ دو ماہ سے مسلسل یہ یقین دہانی کرائی جارہی ہے کہ “اسی ہفتے تنخواہ آ جائے گی”، تاہم تاحال کئی ملازمین اپنی واجبات کے منتظر ہیں۔ذرائع کے مطابق چینل کی پرائم ٹائم نشریات کے دوران مختلف سلاٹس میں بڑی تعداد میں اشتہارات معمول کے مطابق نشر ہورہے ہیں، جس کے باوجود تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر نے کئی سوالات پیدا کردیے ہیں۔ بعض ملازمین یہ سوال بھی اٹھا رہے ہیں کہ اشتہارات سے حاصل ہونے والی آمدن کہاں خرچ ہورہی ہے اور ان کی تنخواہوں کی ادائیگی میں مسلسل تاخیر کی اصل وجہ کیا ہے۔
173
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل