نمائندہ خصوصی وزیراعظم برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ حافظ طاہر محمود اشرفی اور دیگر علماءکرام علامہ عارف واحدی، سید ضیاء ﷲ شاہ بخاری، مولانا محمد خان لغاری، مولانا اسعد زکریا قاسمی، مولانا قاسم قاسمی اور علامہ طاہرالحسن نے غیرملکی چینل کی تیارکردہ فلم کا ٹریلر منظر عام پر آنے کے بعد فلم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ’خاتون جنت‘ سے متعلق فلم میں متنازع امور شامل کرنا انتہائی قبیح اور مذموم حرکت ہے، اس فلم کی ہرسطح پر حوصلہ شکنی کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ فلم کا مقصد امت مسلمہ کی وحدت اور اتحاد کو نقصان پہنچانا ہے۔ اس سے قبل بھی بھارت میں 2019ء میں اس طرح کی فلم بنانے کی کوشش کی گئی تھی جسے امت مسلمہ نے متفقہ طور پر مسترد کر دیا تھا۔دریں اثنا قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجدعلی نقوی کا کہناتھا کہ 50ملین ڈالر کی لاگت سے’’ خاتون جنت ‘‘ سیدة النساء العالمین حضرت سیدہ فاطمہؑ کی زندگی پر مبنی اس فلم کی ہرسطح پر حوصلہ شکنی کرنا وقت کی ضرورت ہے تاکہ اتحاددشمن عناصر کے تمام عزائم کوخاک میں ملایا جاسکے ۔انہوں نے کہاکہ ہم اتحاد کے بانیوں میں سے ہیں پاکستان میں وحدت کی فضا قائم کرنے کیلئے ہم نے بہت سی قربانیاں دیں اور امت کے اتحاد کیخلاف ہونے والی ہر قبیح حرکت کو حکمت عملی کے ساتھ ناکام بنایا ۔یہ بات ہم پہلے بھی کہہ چکے ہیں کہ مسالک کے مقدسات کی توہین حرام ہے یہ انتہائی حساس مسئلہ ہے جس کیخلاف بروقت آواز اٹھانا ضروری ہے کیونکہ اس فلم کے منظر عام آنے پر مسلمانوں کے مابین حالات کشیدہ ہو سکتے ہیں۔مسلمانوں کے آپس میں اختلافات سے فقط دشمن عناصر کو ہی فائدہ ہوگا۔ علامہ ساجد نقوی کا کہنا تھا کہ عالم اسلام کے لئے ایک عظیم سرمایہ وحدت ہے ہمیں ان کے طرز زندگی کو اپنانے اور اتحاددشمن عناصر کے تمام عزائم کو خاک میں ملانے کیلئے پہلے سے زیادہ اتحاد بین المسلمین کی ضرورت ہے تاکہ اتحاددشمن عناصر کے خواہ وہ کسی شکل میں ہوں تمام عزائم کو ناکام بنایا جاسکے۔۔

