ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اشرف حسین خواجہ نے گمراہ کن پروپیگنڈہ کرنے پر ہتک عزت سے متعلق مقدمہ میں نیوز اینکر مبشر لقمان، معروف بزنس مین عقیل کریم ڈھیڈی پر فرد جرم عائد کرنے کے لیے 10 اکتوبر کی تاریخ مقرر کردی ہے، یاد رہے کہ سینئر صحافی رانا عظیم کو اسی مقدمے میں اشتہاری قرار دیا جا چکا ہے اور ان کے مقدمے کو علیحدہ کردیا گیا ہے۔ دوران سماعت مبشر لقمان ضمانت پر پیش ہوئے جبکہ عقیل کریم ڈھیڈی کے وکیل نے ان کی غیر حاضری کی درخواست منظور کرنے کی درخواست دائر کی جیسے عدالت نے منظور کرلیا، عدالت نے فیصلہ کیا ہے کہ ملزمان پر دس اکتوبر کو فرد جرم عائد کی جائے گی اور مقدمے کو اگے بڑھایا جائے گا۔ قبل ازیں جے ایس بینک لمیٹڈ نے ہتک عزت سے متعلق مقدمے میں موقف اختیار کیا ہے کہ مبشر لقمان نے جہانگیر صدیقی اور ان کے صاحبزادے کے خلاف گمراہ کن پروپیگنڈہ مہم چلائی اور اس سلسلے میں 15 ،26 مارچ 2018 اور 2 اپریل 2018 کو نجی ٹی وی چینلز پر گمراہ کن پروگرامات کیے گئے جن میں ملزمان نے جے ایس بینک خاص کر جے ایس گروپ کے خلاف بے بنیاد، من گھڑت اور جھوٹے الزامات عائد کیے اور چیئرمین نیب کا نام استعمال کرتے ہوئے نہ صرف جے ایس بینک کو بدنام کیا بلکہ میڈیا ٹرائل کے ذریعے ان پر الزام کے ساتھ ساتھ انہیں مجرم اور قصوروار بھی ٹھہرادیا، مقدمے میں موقف اختیار کیا گیا ہے ان الزامات کے سلسلے میں ثبوت پیش نہ کرنے پر پیمرا نے نجی ٹی وی چینل پر تین لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا، جے ایس بینک نے اپنے مقدمہ میں موقف اختیار کیا کہ عقیل کریم ڈھیڈی جو کہ ان کے کاروباری حریف ہیں انہیں بیٹھا کر پروگرام کرنا اور من گھڑت الزامات عائد کرنے کا مقصد جے ایس بینک کی بدنامی کرکے اسے مالی نقصان اور اس کی اخلاقی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے مترادف تھا، لہذا ملزمان کے خلاف پی پی سی کی زیر دفعہ 499اور دفعہ 120اے زیر دفعہ 34 کو ملا کر کارروائی عمل میں لائی جائے۔

