شوبز اندسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرنے والی نور بخاری نے ندا یاسر کے زیادتی کا شکار 5 سالہ مروہ کے والدین کو شو پر بلانے کے تنازع کے تناظر میں بتایا کہ تمام مارننگ شوز قابلِ رحم ہیں جبکہ ان کی پالیسیز قابلِ افسوس ہیں۔ سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر اظہار خیال کرتے ہوئے نور بخاری نے کہا کہ پاکستان میں مارننگ شوز کی پالیسی قابلِ رحم ہے، یہاں متاثرہ خاندان کو بُلا کر ان کے جذبات کے ساتھ کھیلا جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ’شو میں متاثرین کو بُلایا جاتا ہے اور کہا جاتا ہے رلاؤ ان کو اور رلاؤ۔ نور بخاری نے بتایا کہ ادارے کے اسی نفرت انگیز رویے کی وجہ سے انہوں نے مارننگ شو کی میزبانی چھوڑی۔ ندا یاسر کے اس اقدام نے تنازع کی صورت اختیار کرلی تھی اور سوشل میڈیا پر ان کے پروگرام کو بند کرنے کا مطالبہ کیا جارہا تھا۔لوگوں کی دل آزاری پر ندا یاسر نے معافی مانگتے ہوئے وضاحت دی تھی کہ مروہ کے والدین نے خود شو میں آنے کا کہا تھا، یہ ریٹنگ حاصل کرنے کیلئے نہیں کیا گیا۔ ندا یاسر نے ہاتھ جوڑ کر معافی مانگ لی۔۔خیال رہے کہ نور بخاری متعدد چینلز پر مارننگ شو میں بطور میزبانی فرائض سرانجام دیتی رہی ہیں۔یاد رہے کہ شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرنے کے بعد سے ہی نور شوبز سے متعلق بات کرنے سے گریز کرتی رہی ہیں تاہم طویل مدت بعد انہوں نے کوئی اپنی رائے یا ردعمل دیا ہے۔تین سال قبل شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرنے کے بعد اداکارہ ذاتی زندگی میں مگن ہیں، ان کی دو بیٹیاں ہیں۔

