mir shakeel ki behen london mein supardkhaak

میرشکیل کی بہن لندن میں سپردخاک۔۔

جنگ گروپ کے بانی میر خلیل الرحمان کی صاحبزادی اور جنگ و جیو گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمان کی ہمشیرہ کو شمالی لندن کے ہینڈن قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا ۔ قبل ازیں ان کی نماز جنازہ اسلامک کلچرل سینٹر ریجنٹس پارک میں ادا کی گئی۔ کوویڈ19کی وبا کے سبب نماز جنازہ و تدفین میں صرف خاندان کے قریبی افراد ہی شریک تھے۔مرحومہ گزشتہ کچھ عرصہ سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھیں اور وہ ہفتہ کو اپنی زندگی کی ساعتیں پوری ہونے پر خالق حقیقی سے جا ملی تھیں۔ جنازے میں شریک افراد نے میر شکیل الرحمان کی کمی کو شدت سے محسوس کیا، جو گزشتہ 4 ماہ سے 34 سالہ پرانے نجی پراپرٹی کے معاملے میں قیدو بند کی صعوبتیں برداشت کررہے ہیں۔ واضح رہے کہ تین ماہ قبل میر خلیل الرحمان کے بڑے صاحبزادے میر جاوید رحمٰن بھی انتقال کر گئے تھے۔دوسری جانب میر خلیل الرحمان مرحوم کی صاحبزادی اور جنگ، جیو کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمان کی ہمشیرہ کے انتقال پر جنگ ورکرز یونین (سی بی اے) لاہور کا ایک تعزیتی اجلاس منعقد ہوا جس میں یونین کے عہدیداران، روزنامہ جنگ، دی نیوز کے کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ اجلاس کے شرکاء نے مرحومہ کیلئے دعائے مغفرت کی ۔شرکاء نے ایڈیٹر انچیف جنگ /جیو میر شکیل الرحمان کی ہمشیرہ کے انتقال کو پورے خاندان کیلئے بہت بڑا صدمہ قرار دیا اور کہا کہ ا للہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں جگہ دے، ان کی اور میر شکیل الرحمان صاحب کی والدہ و دیگر اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں