میڈیا مالکان کا احتساب ضروری ہوگیا ہے، گورنر پنجاب۔۔۔ 13

میڈیا مالکان کا احتساب ضروری ہوگیا ہے، گورنر پنجاب۔۔۔

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی کے باعث عام آدمی مشکلات کا شکار ہے نظام کی تبدیلی کی باتیں تو بہت کی جاتی ہیں لیکن جب چہرے وہی رہیں تو تبدیلی کیسے آئے گی؟ سیاستدانوں سمیت تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد اور اداروں کا احتساب ہونا چاہیے۔۔وہ لاہور پریس کلب میں معروف صحافی و قلم کار ستار چوہدری کی چھ کتابوں کی تقریبِ رونمائی سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب سے صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری اور افضال طالب نے بھی خطاب کیا۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے ستار چوہدری کو چھ کتابیں تحریر کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کے ساتھ ان کا بھائی چارے کا تعلق ہے۔ انہوں نے تقریب کے حوالے سے دلچسپ انداز میں کہا کہ انہیں بتایا گیا تھا کہ کتابوں کی تقریبِ رونمائی کے لیے آنے والے مہمان بھاگ گئے تھے لیکن وہ اٹک سے لاہور آ کر نہیں بھاگے اس لیے انہیں داد تو دینی چاہیے۔ملک کے سیاسی اور معاشی حالات پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان میں نظام کی بہتری کے لیے سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے۔ 1973ء کا آئین ذوالفقار علی بھٹو نے دیا پیپلز پارٹی اٹھارویں آئینی ترمیم لے کر آئی انہوں نے ٹیکس کے نظام پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تنخواہ دار طبقے پر ٹیکسوں کا بوجھ اس حد تک بڑھ گیا ہے کہ ضروری اخراجات کے بعد اس کے پاس کچھ نہیں بچتا۔ ٹیکس کے نظام کو منصفانہ بنانے کی ضرورت ہے تاکہ صرف تنخواہ دار اور دستاویزی آمدن رکھنے والے افراد ہی سارا بوجھ برداشت نہ کریں۔سردار سلیم حیدر خان نے احتساب کے حوالے سے کہا کہ سیاستدانوں کا احتساب عوام کے ساتھ ساتھ مختلف ادارے بھی کرتے ہیں لیکن احتساب کا دائرہ تمام طاقتور طبقات تک بڑھایا جانا چاہیے انہوں نے سوال اٹھایا کہ ریٹائرمنٹ کے بعد بعض اعلیٰ افسران اور ان کے اہل خانہ بیرون ملک پُرتعیش زندگی کیسے گزارتے ہیں؟ اسی طرح ججوں کے ریٹائرمنٹ کے بعد بیرون ملک منتقل ہونے کے معاملات پر بھی سوالات اٹھنے چاہئیں۔گورنر پنجاب نے میڈیا مالکان کے احتساب کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ بھی پوچھا جانا چاہیے کہ میڈیا مالکان کے پاس اربوں روپے کہاں سے آئے، جبکہ دوسری جانب میڈیا ورکرز کو آج بھی تنخواہیں نہیں مل رہیں۔ انہوں نے کہا کہ احتساب کا عمل کسی ایک طبقے تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ سیاستدانوں، بیوروکریسی، عدلیہ اور میڈیا سمیت تمام شعبوں میں یکساں طور پر ہونا چاہیے۔گورنر راج کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ گورنر راج وزیراعظم کی سمری پر نافذ کیا گیا ہے اور یہ آئین کے مطابق اٹھایا جانے والا اقدام ہے انہوں نے کہا کہ اس معاملے کا سارا ملبہ پیپلز پارٹی پر ڈالنے کے بجائے دیگر متعلقہ فریقوں کو بھی ان کے حصے کی ذمہ داری قبول کرنی چاہیے۔تقریب کے اختتام پر ستار چوہدری کی ادبی و صحافتی خدمات کو سراہا گیا اور ان کی چھ کتابوں کی اشاعت کو علمی و ادبی حلقوں کے لیےاہم پیش رفت قرار دیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں