پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی اپیل پرملک بھر میں میڈیا ورکرز کی برطرفیوں، بے روزگاری، تنخواہوں کی عدم ادائیگی، غیراعلانیہ سنسرشپ کے خلاف کراچی میں بھی احتجاج کیا گیا۔کے یو جے کی جانب سے کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ ہوا جس میں کے یو جے عہدیداران کے علاوہ صحافیوں نے شرکت کی۔ مظاہرین سے جنرل سیکرٹری کے یو جے احمد خان ملک، سینئر صحافی انور سن رائے، جاوید چوہدری، فہیم صدیقی، قاضی آصف، اجمل ملک، عامر لطیف، چیئرمین ہم عوام پاکستان طاہر عزیز و دیگر نے خطاب کیا۔ مظاہرین نے اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔ صحافی رہنماوں نے کہا کہ ملک بھر میں میڈیا ہاوسز میں کام کرنے والے صحافیوں کو مسائل کا سامنا ہے۔ اکثر اداروں میں کئی کئی ماہ تک تنخواہیں ادا نہیں کی جارہیں۔ کچھ اداروں میں تو 15 ماہ سے صحافی و دیگر میڈیا ورکرز تنخواہوں سے محروم ہیں۔ میڈیا ورکرز کو یک جنبش قلم برطرف کیا جارہا ہے۔ میڈیا مالکان حکومت سے ادائیگیوں کے باوجود ملازمین کو بروقت تنخواہیں ادا نہیں کر رہے۔ میڈیا ورکرز کی بڑی تعداد نے روزگار ہو چکی ہے۔ باقی پر بھی ہر وقت تلوار لٹک رہی ہے۔ صحافی رہنماوں نے کہا کہ وہ میڈیا پر غیر اعلانیہ سنسرشپ بھی کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔ رہنماوں نے حکومت اور میڈیا مالکان کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ تحریک اب مسائل کے حل تک جاری رہے گی۔

