اسلام آباد ہائیکورٹ نے صحافی مطیع اللہ جان کو کل عدالت پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے حکم دیا کہ مطیع اللہ جان کو پیش نہ کرنے کی صورت میں سیکرٹری داخلہ، چیف کمشنر اسلام آباد اور آئی جی ذاتی حیثیت میں عدالت پیش ہوں ۔اس سے قبل مطیع اللہ جان کے بھائی شاہد اکبر عباسی نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں ان کی بازیابی کے لئے درخواست دائر کی تھی جس میں استدعا کی گئی کہ وہ اسلام آباد بار کونسل میں ان رول اور ایک وکیل ہیں اور بارہ کہو کے رہائشی ہیں۔۔انہیں ابھی ان کے بھائی کی اہلیہ کی جانب سے بتایاگیا ہے کہ آج میرے بڑے بھائی مطیع اللہ جان کو نامعلوم افراد نے اغوا کر لیا ہے اور ان کو فوری طور پر بازیاب کروایا جائے۔۔ مغوی ایک سینئر صحافی ہے اور گذشتہ کئی ماہ سے بیروزگار تھا۔ وہ اسٹیبلشمنٹ اور حکومت کی پالیسیوں پر تنقید کرتے تھے۔مجھے شک ہے کہ انہیں نامعلوم افراد اٹھا کر لے گئے ہیں، اور میں اس عدالت سے استدعا کرتا ہوں کہ انہیں بازیاب کروایا جائے۔اس مقدمے میں شاہد اکبر عباسی نے ریاستِ پاکستان، سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری دفاع، ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی، ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد پولیس اور آبپارہ پولیس سٹیشن کے ایس ایچ او کو فریق بنایا ہے۔

