lahore mein oast umar mein 5 saal kami ka inkeshaaf

لاہور میں اوسط عمر میں 5 سال کمی کا انکشاف۔۔

ایسٹ ویسٹ سنٹر کی چونسٹھ ویں سالگرہ کے موقع پر لاہور چیپٹر کی طرف سے ایلومینائی کا ایک مشاورتی اجلاس لاہور پریس کلب میں منعقد ہوا۔ سینئر صحافی، لاہور پریس کلب کے قائم مقام صدر اور ایسٹ ویسٹ سنٹر کے ایلومینائی شیراز حسنات نے پروگرام کوآرڈینیٹ کیا۔ گفتگو کا محور موسمیاتی بحران کی خطرناک صورتحال اور اس کے اثرات کو کم کرنے کے ممکنہ حل پر مرکوز تھا۔ میٹنگ کے دوران ایسٹ ویسٹ سنٹر کی صدر “سوزین ویرس لم” کا پیغام نشر کیا گیا جس میں انہوں نے بتایا کہ اس سال کا تھیم “کمیونٹی بیسڈ کلائمیٹ ریزیلینس” ہے۔ خصوصی نشست میں شرکت کرنے والے سینئر صحافی اور ایسٹ ویسٹ سنٹر کے ایلومینائیز میں جبار چودھری، ملک عامر، رانا نوید، ہما صدف، نوشین نقوی، رضوان انور، ضیاءالرحمان، انعم حفیظ اور عمائمہ شامل تھیں۔ لاہور میں سموگ سے متعلق نیوز سٹوریز کے اپنے تجربات شئیر کئے۔ شرکاءنے توجہ دلائی کہ موسمیاتی بحران کے باعث لاہور میں اوسط عمر میں چار سے پانچ سال کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ شرکاءنے بتایا کہ لاہور میں سموگ کی وجوہات میں ٹرانسپورٹ کا تینتالیس فیصد، صنعتوں کا پچیس فیصد اور فضلہ اور سالڈ ویسٹ کو جلانے کا بیس فیصد حصہ ہے۔ سیشن کے دوران، ایلومینائیز نے فصلوں کو درپیش موسمیاتی تغیرات کے اثرات پر بھی گفتگو کی۔ اس جانب بھی توجہ مبذول کرائی کہ میڈیا کوریج کی کمی اور زرعی طریقوں میں جدت کو اپنانے کو فروغ میں ناکامی موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے میں ایک رکاوٹ ہے۔ شرکاءکی جانب سے پلاسٹک کے استعمال کے حوالے سے جامع قانون سازی اور ری سائیکلنگ کی حوصلہ افزائی کے لئے حکومتی تعاون کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ لاہور  پریس کلب کے قائم مقام صدر اور سینئر صحافی شیراز حسنات نے اس سلسلے میں موسمیاتی کانفرنس منعقد کرنے اور ماحولیات کے ماہرین کو مدعو کرنے کی تجویز پیش کی۔ اجلاس کے آخر میں ایلومینائیز نے مستقبل کی میٹنگوں کی کے حوالے سے کئی تجاویز بھی پیش کیں۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں