103

آزاد کشمیرمیں میڈیا کی رسائی، انٹرنیٹ بحال کی جائے، کے یوجے۔۔

کراچی یونین آف جرنلسٹس کی مجلس عاملہ نے آزاد کشمیر میں گزشتہ ایک ماہ سے انٹرنیٹ کی بندش، میڈیا اور انسانی حقوق کے اداروں کی رسائی پر پابندی اور غیر ضروری رکاوٹوں کی شدید مذمت کی ہے۔صدر طاہر حسن خان اور جنرل سیکرٹری سردار لیاقت نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ آزاد کشمیر میں میڈیا بلیک آؤٹ کے باعث ڈس انفارمیشن پھیل رہی ہے اور عوام کو اصل حقائق سے دور رکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا “جمہوریت کا راگ الاپنے والے نیشنل میڈیا پر بیٹھ کر من گھڑت پروپیگنڈا کر رہے ہیں جس سے نفرتیں بڑھ رہی ہیں۔ اگر میڈیا کو آزادانہ کام کرنے دیا جاتا تو غلط فہمیاں پیدا نہ ہوتیں۔ مجلس عاملہ نے کہا کہ ایک ماہ سے انٹرنیٹ سروس اور تمام کاروبار بند ہیں۔ پاکستان سے اجناس، ادویات اور دیگر ضروری اشیا کی ترسیل نہیں ہو رہی۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ سیاسی اور جمہوری مسائل سیاسی قیادت کو حل کرنے ہیں لیکن ایک ماہ گزرنے کے باوجود کوئی حل نہیں نکلا۔ عوام اور اداروں کو آمنے سامنے کر کے سیاسی قیادت تماشا دیکھ رہی ہے یا انہیں اپنا کردار ادا کرنے سے روکا جا رہا ہے۔۔ کراچی یونین آف جرنلسٹس نے کہا کہ وہ بنیادی انسانی حقوق، آزادی اور جمہوری روایات کی بحالی کی ہر تحریک کی حمایت کرتے ہیں۔ آزاد کشمیر حکومت سے مطالبہ ہے کہ وہ فوری طور پر انٹرنیٹ سروس بحال کرے اور وہ تمام اقدامات اٹھائے جن سے عوام کے بنیادی حقوق متاثر ہو رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں