130

کے یو جے (دستور) کی فیملی پکنک ،صحافیوں اور اہلِ خانہ کی بھرپور شرکت

کراچی یونین آف جرنلسٹس (دستور) کے زیرِ اہتمام گزشتہ روز سفاری پارک میں فیملی پکنک کا انعقاد کیا گیا، جس میں صحافیوں، ان کے اہلِ خانہ اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پکنک کے دوران بچوں نے مختلف تفریحی سرگرمیوں میں بھرپور دلچسپی لیتے ہوئے خوشگوار لمحات گزارے، جبکہ شرکاء نے بہترین انتظامات پر کے یو جے (دستور) کی قیادت اور منتظمین کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔فیملی پکنک کے دوران بچوں نے ڈائنو پارک، ڈائنو تھیٹر، سفاری ٹرین، پائریٹ شپ، فن لینڈ، پلے ایریا اور دیگر تفریحی مقامات سے بھرپور لطف اٹھایا۔ والدین اور اہلِ خانہ نے بھی پرامن اور دوستانہ ماحول میں ایک دوسرے کے ساتھ خوشگوار وقت گزارا، جبکہ پورے پروگرام کے دوران بچوں کا جوش و خروش دیدنی رہا۔اس موقع پر کے یو جے (دستور) کے صدر نصراللہ چوہدری اور سیکرٹری ریحان خان چشتی نے شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ کے یوجے دستور صحافیوں کے پیشہ ورانہ حقوق کے تحفظ کے ساتھ ساتھ ان کے اہلِ خانہ کے درمیان باہمی روابط، یکجہتی اور خاندانی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے بھی عملی اقدامات کر رہی ہے۔ فیملی پکنک کا مقصد بھی مصروف صحافتی زندگی میں صحافی برادری کو اہلِ خانہ سمیت ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا اور انہیں خوشگوار ماحول میں ایک دوسرے کے قریب لانا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کی سرگرمیاں صحافی برادری کے درمیان محبت، اخوت، اعتماد اور باہمی تعاون کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، اسی لیے مستقبل میں بھی ایسی تقریبات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔پکنک کے دوران شرکاءکے لیے خصوصی فوڈ پیکیج، موثر سیکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ، طبی امداد اور دیگر سہولیات کے جامع انتظامات کیے گئے تھے، جنہیں شرکاءنے بے حد سراہا۔ بچوں نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سفاری ٹرین، جھولوں، ڈائنو پارک اور دیگر سرگرمیوں سے انہیں بے حد لطف آیا اور وہ آئندہ بھی ایسی تقریبات میں شرکت کے خواہاں ہیں۔تقریب کے اختتام پر کے یو جے (دستور) کے صدر نصراللہ چوہدری، سیکرٹری ریحان خان چشتی اور پکنک انچارج عبدالرحمن نے کامیاب فیملی پکنک کے انعقاد میں تعاون پر سفاری پارک کی انتظامیہ، ڈائریکٹر سفاری پارک، ایڈیشنل ڈائریکٹر سفاری پارک صادق، سینئر کے ایم سی حکام، پاکستان رینجرز (سندھ)، سندھ پولیس، ریسکیو 1122، چھیپا ایمبولینس سروس،دی ماڈرن اسپتال،ٹراما سینٹر کی طبی ٹیموں اور دیگر متعلقہ اداروں کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ متعلقہ اداروں کی بروقت معاونت، موثر سیکیورٹی، ٹریفک کنٹرول اور طبی سہولیات کی فراہمی کے باعث یہ فیملی پکنک انتہائی منظم، پرامن اور کامیاب ماحول میں منعقد ہوئی۔ شرکاءنے بھی اس موقع پر اس امید کا اظہار کیا کہ کے یو جے (دستور) مستقبل میں بھی صحافیوں اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے اسی جذبے کے ساتھ ایسی یادگار اور مفید تقریبات کا انعقاد جاری رکھے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں