kisi ki kheraat nahi chahiye

کسی کی خیرات نہیں چاہیئے، راشد محمود۔۔

پرائڈ آف پرفارمنس لیجنڈری اداکار راشد محمود کا کہنا ہے کہ انہیں کسی خیرات کی نہیں بلکہ عزت اور وقار کی ضرورت ہے۔خیال رہے کہ معروف اداکار راشد محمود کو گزشتہ دنوں چوتھی بار فالج کا دورہ پڑا تھا جس کے بعد انہوں نےحکومت سے مالی مدد کی اپیل کی تھی، جس پر حکومتِ پنجاب نے انہیں مالی معاونت کی یقین دہانی کروانے کے بعد 2 لاکھ روپے کا چیک بھجوا دیا تھا۔سوشل میڈیا پر متحرک رہنے والے لیجنڈری اداکار نے اپنے حالیہ انٹرویو میں اپنی بیماری اور اپنے مالی حالات کے بارے میں کُھل کر بات کرتے ہوئے مایوسی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ انہیں کسی خیرات کی نہیں بلکہ عزت اور وقار کی ضرورت ہے۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ مجھے حکومت کی جانب سے 2 لاکھ روپے کا چیک دیا گیا، چیک دیکھ کر مجھے تکلیف ہوئی کہ یہ میری ساری زندگی کی جدوجہد کا ثمر ہے، اتنے برسوں کی محنت کا یہ صِلہ ملا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اب میری حالت پہلے سے کافی بہتر ہے، میری آواز معمول پر آ رہی ہے، میرے پاس صرف آواز ہی تھی، جس سے پیسے کمائے، اب میں بول سکتا ہوں، ان شاء اللّٰہ میں معمول کی زندگی میں واپس آؤں گا، میں اپنی عملی زندگی پھر سےشروع کروں گا۔خیال رہے کہ ان کے انٹرویو کی یہ وائرل ویڈیو گزشتہ ہفتے کی ہے تاہم گزشتہ اتوار کو مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے اداکار نے اپنی طبیعت کے حوالے سے پرستاروں کو آگاہ کیا اور عید کے بعد دوبارہ فیلڈ میں کام شروع کرنے کی نوید بھی سنائی۔دوسری جانب اداکار کے انٹرویو کی وائرل ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین تبصرہ کرتے ہوئے حکومت سے ان کی مدد کی اپیل کر رہے ہیں جبکہ بعض صارفین دیگر فنکاروں پر زور دے رہے ہیں کہ ریٹائرڈ فنکاروں کی مدد کے لیے کوئی منصوبہ تشکیل دیں۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں