سندھ ہائی کورٹ کے حکم کے بعد بدھ کو جیسے ہی بول بحال ہوا، چینل انتظامیہ نے ریگولیٹر پیمرا کی جانب سے دو دن قبل اس کی نشریات کو من مانی طور پر معطل کرنے کے اقدام کی مذمت کی۔پیمرا نے پیر کو بول نیوز اور بول انٹرٹینمنٹ کو یہ کہتے ہوئے بلاک کر دیا تھا کہ نیٹ ورک کے پاس وزارت داخلہ سے مطلوبہ سیکیورٹی کلیئرنس نہیں ہے۔بول انتظامیہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہاگیا ہے کہ ہم پیمرا کے اس اقدام کی شدید مذمت کرتے ہیں اور ہم (بول) اس کے مالکان کے خلاف دیگر تمام بلاجواز اور غیر قانونی اقدامات قوم کے سامنے پیش کریں گے۔انتظامیہ نے کہا کہ وہ اپنے ملازمین کے ساتھ کھڑی ہے اور کسی کی خواہش یا مطالبے پر بول فیملی سے کسی کو نہیں نکالے گی۔بیان میں کہاگیا کہ پیمرا نے جھوٹے اور من گھڑت الزامات پر غیرقانونی، من مانی اور بددیانتی کے ساتھ پابندی عائد کی حالانکہ وزارت داخلہ نے بول کے مالکان کو سیکورٹی کلیئرنس جاری کی تھی،اس کے علاوہ چینل نے پہلے ہی اپنے تفریحی چینل کے لائسنس کی تجدید کے لئے درخواست دے رکھی ہے۔۔
