97

کراچی پریس کلب کا اسکاؤٹ کیمپ اختتام پزیر۔۔

کراچی پریس کلب اور سندھ بوائے اسکاﺅٹس ایسوسی ایشن کے اشتراک سے منعقد ہونے والا دو روزہ “اسکاﺅٹس کیمپ 2026” کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔ کیمپ کا مقصد کراچی پریس کلب کے اراکین کے 8 سے 14 سال عمر کے بچوں اور بچیوں میں اسکاﺅٹنگ، نظم و ضبط، قیادت، ٹیم ورک، ابتدائی طبی امداد، ہنگامی حالات سے نمٹنے کی صلاحیت اور سماجی خدمت کے جذبے کو فروغ دینا تھا۔گلستانِ جوہر میں واقع سندھ بوائے اسکاﺅٹس ٹریننگ سینٹر میں 18 اور 19 جولائی کو منعقدہ کیمپ کے دوران شرکاءنے مختلف تربیتی اور عملی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیا۔ ماہر انسٹرکٹرز نے بچوں کو اسکاﺅٹنگ کی بنیادی مہارتوں، فرسٹ ایڈ، کیمپ لائف، ہنگامی صورتحال میں بروقت ردعمل، قائدانہ صلاحیتوں، نظم و ضبط اور ٹیم ورک سے متعلق عملی تربیت فراہم کی، جبکہ مختلف مشقوں اور گروپ سرگرمیوں کے ذریعے ان کی ذہنی اور جسمانی استعداد کو بھی اجاگر کیا گیا۔اختتامی تقریب میں بچوں اور بچیوں نے ابتدائی طبی امداد، اسکاﺅٹنگ کی تکنیک، ٹیم ورک، نظم و ضبط اور دیگر تربیتی سرگرمیوں کے شاندار عملی مظاہرے پیش کیے، جنہیں والدین، مہمانوں اور شرکاءنے بھرپور داد دی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منتظمین نے کہا کہ اس نوعیت کی مثبت اور تعمیری سرگرمیاں بچوں میں خود اعتمادی، احساسِ ذمہ داری، قومی خدمت، نظم و ضبط، باہمی تعاون اور قائدانہ صلاحیتوں کو فروغ دیتی ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کراچی پریس کلب اور سندھ بوائے اسکاﺅٹس ایسوسی ایشن آئندہ بھی نوجوان نسل کی کردار سازی اور مثبت تربیت کے لیے مشترکہ پروگراموں کا انعقاد جاری رکھیں گے۔اختتامی تقریب میں شریک والدین نے کیمپ کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں بچوں کو صرف نصابی تعلیم ہی نہیں بلکہ عملی تربیت، نظم و ضبط، خود اعتمادی اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کی مہارتوں کی بھی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ دو روزہ کیمپ نے بچوں میں ذمہ داری کا احساس پیدا کیا اور انہیں ٹیم ورک، وقت کی پابندی اور سماجی خدمت جیسے اہم اسباق سیکھنے کا موقع فراہم کیا۔ والدین نے کراچی پریس کلب اور سندھ بوائے اسکاﺅٹس ایسوسی ایشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ مستقبل میں بھی اس نوعیت کے تربیتی پروگرام باقاعدگی سے منعقد کیے جائیں۔کیمپ میں شریک بچوں اور بچیوں نے کہا کہ انہوں نے اسکاﺅٹنگ، ابتدائی طبی امداد، کیمپنگ، نظم و ضبط اور ٹیم ورک کے بارے میں بہت کچھ سیکھا۔ انہوں نے کہا کہ عملی سرگرمیوں نے انہیں نہ صرف نئی مہارتیں سکھائیں بلکہ خود اعتمادی میں بھی اضافہ کیا۔ شرکاءنے کہا کہ کیمپ میں نئے دوست بنانے، گروپ ورک کرنے اور مختلف چیلنجز کا سامنا کرنے کا تجربہ ان کے لیے یادگار رہا، اور وہ مستقبل میں بھی ایسے تربیتی پروگراموں میں بھرپور شرکت کرنا چاہیں گے۔ تقریب کے اختتام پر تمام شرکاءمیں اسناد جبکہ نمایاں کارکردگی دکھانے والے بچوں میں اعزازی شیلڈز تقسیم کی گئیں۔اس موقع پر کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی، سیکرٹری اسلم خان، جوائنٹ سیکرٹری فاروق سمیع نے کیمپ انچارج نذیر احمد عباسی اور دیگر منتظمین کو کیمپ کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی ۔ سندھ بوائے اسکاﺅٹس ایسوسی ایشن کے سیکرٹری اختر میر کی تربیتی اور تنظیمی خدمات کو بھی سراہا گیاجبکہ بہترین سیکیورٹی انتظامات پر سیکرٹری لائژن کمیٹی عارف محمود، ویجلینس کمیٹی کے ڈپٹی ہیڈ عاصم بھٹی اور ان کی ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں