کراچی میں کیس،لاہور سے گرفتار، چار دن کا جسمانی ریمانڈ ۔۔۔۔ 9

کراچی میں کیس،لاہور سے گرفتار، چار دن کا جسمانی ریمانڈ ۔۔۔۔

کراچی کی ایک مقامی عدالت نے صحافی اور عوام راج نامی سیاسی تحریک کے بانی اقرار الحسن کو چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی کے حوالے کر دیا ہے۔ان کے خلاف خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ پر تنقید کرنے سے متعلق پیکا ایکٹ کے تحت ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے۔اقرار الحسن کے اہلخانہ کے مطابق اتوار کی شب انھیں لاہور میں ان کی رہائش گاہ سے حراست میں لیا گیا تھا۔ پیر کو ان کی اہلیہ نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے یہ دعویٰ کیا تھا کہ اتوار کی شب نامعلوم نقاب پوش افراد ان کے شوہر کو لاہور میں واقع رہائش گاہ سے ’اغوا کر کے لے گئے تھے۔اقرار الحسن کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ 30 گھنٹے تک وہ اس بارے میں لاعلم تھے کہ انھیں کس نے حراست میں لیا اور کہاں لے جایا گیا ہے۔پنجاب میں این سی سی آئی اے کے حکام نے لاہور کی ایک عدالت میں اقرار الحسن کو اپنی تحویل میں لینے کی تردید کی تھی۔ جبکہ پنجاب حکومت نے کہا تھا کہ اقرار الحسن پنجاب پولیس کی تحویل میں نہیں ہیں۔تاہم منگل کو اقرار الحسن کو کراچی میں ضلع شرقی کے جوڈیشل مجسٹریٹ ون کی عدالت پیش کیا گیا جہاں این سی سی آئی اے نے ان سے مزید تفتیش کے لیے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی اور عدالت نے ان کا چار روزہ ریمانڈ منظور کر لیا۔ایف آئی آر کے مطابق این سی سی آئی اے کو ایک ’معتبر ذریعے‘ سے رپورٹ ملی کہ اقرار الحسن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز ایکس، انسٹاگرام اور فیس بک پر اپنے ذاتی اکاؤنٹس سے ’جھوٹا، من گھڑت، ریاست مخالف اور ہتک آمیز مواد‘ نشر کیا۔ایف آئی آر میں درج ہے کہ یہ مواد نشر کرنے کا اقرار الحسن کا مقصد یہ تھا کہ ’ریاست، ریاستی اداروں اور ان کے عہدیداروں کے خلاف عوامی رائے کو مشتعل کیا جائے۔این سی سی آئی اے نے ایف آئی آر میں اقرار الحسن کی جانب سے ایکس، انسٹاگرام اور فیس بک پر اپ لوڈ کی گئی ویڈیو کا حوالہ دیا ہے، جس میں وہ خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج لگنے کی مذمت کر رہے ہیں، اور اسے ’عمران خان کے مینڈیٹ پر ڈاکہ‘ قرار دے رہے ہیں۔ایف آئی آر میں درج ہے کہ مذکورہ مواد ریاست، اس کے اداروں اور ان کے عہدیداروں کے خلاف ہے، جس میں نامزد ملزم نے انھیں غلط اور مسخ شدہ انداز میں پیش کیا ہے، قانونی اقدامات کو متنازع بنا کر دکھایا ہے اور عوام کو ریاست اور حکام کے خلاف اکسانے کی کوشش کی ہے۔ایف آئی آر کے متن کے مطابق ملزم کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بڑی تعداد میں فالوورز موجود ہیں، جن میں عام لوگ بھی شامل ہیں، اور یہ مواد کھلے عام شائع یا نشر کیا گیا جس تک پاکستان اور بیرونِ ملک لوگوں کی رسائی ممکن تھی۔ ایف آئی آر میں یہ الزام بھی درج ہے کہ مذکورہ مواد عدالت سے سزا یافتہ افراد کو عظیم بنا کر پیش کرتا ہے، (گلوریفائی کرتا ہے) جو کہ غلط بات ہے۔این سی سی آئی اے کی ایف آئی آر میں اقرار الحسن کی مذکورہ ویڈیو میں دیے گئے بیانات کو وفاق کی سالمیت اور یکجہتی کے لیے نقصان دہ قرار دیا گیا ہے۔ایف آئی آر کے مطابق ملزم کے خلاف پیکا ایکٹ 2016 کی دفعات 9 (جرم کی گلوریفیکیشن یعنی جرم کو عظیم بنا کر پیش کرنا)، 10 (سائبر دہشت گردی)، 20 (کسی فرد کے وقار کے خلاف جرم )، 24 (سائبر سٹاکنگ، یعنی آن لائن ہراسانی) اور 26 اے (جھوٹی یا جعلی معلومات) کے تحت 10 اکتوبر 2026 کو مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ایف آئی آر کے مطابق، مبینہ متنازع مواد کے سکرین شاٹس اور سکرین ریکارڈنگز 10 اکتوبر 2026 کو محفوظ کیے گئے اور ایک علیحدہ میمو کے تحت بطور کیس پراپرٹی تحویل میں لیے گئے، تاکہ انھیں حذف یا تبدیل ہونے سے محفوظ رکھا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں