کمیونی کیشن اسپیشلسٹ کیلئے 54 امیدوار، مہتو،کوثر کاظمی کی بھی درخواستیں۔۔ 15

کمیونی کیشن اسپیشلسٹ کیلئے 54 امیدوار، مہتو،کوثر کاظمی کی بھی درخواستیں۔۔

محکمہ اطلاعات و ثقافت پنجاب کے ماتحت ڈائریکٹوریٹ جنرل پبلک ریلیشنز (ڈی جی پی آر) میں کمیونیکیشن اسپیشلسٹ کی بھرتی کے لیے سلیکشن کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔ بھرتی مینجمنٹ پے اسکیل ون (MPS-1) میں کنٹریکٹ بنیادوں پر کی جائے گی، جبکہ محکمہ اطلاعات و ثقافت کی جانب سے بھرتی کا عمل قواعد و پالیسی کے مطابق مکمل کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق سیکرٹری اطلاعات نے کمیونیکیشن اسپیشلسٹ کی بھرتی کے لیے سلیکشن کمیٹی کی تشکیل کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ڈی جی پبلک ریلیشنز پنجاب کو سلیکشن کمیٹی کا کنوینر مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ڈپٹی سیکرٹری پی اینڈ سی، محکمہ اطلاعات و ثقافت کمیٹی کے رکن ہوں گے۔اسی طرح ڈائریکٹر ایڈمن، ڈی جی پی آر ہیڈ آفس لاہور کو کمیٹی کا رکن اور سیکرٹری مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ڈی جی پی آر کی جانب سے بی ایس 18 کی ایک خاتون افسر کو بھی سلیکشن کمیٹی کا رکن نامزد کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق ڈی جی پی آر میں تخلیق کی گئی کمیونیکیشن اسپیشلسٹ کی پوسٹ کے لیے مجموعی طور پر 54 امیدواروں نے درخواستیں جمع کرائی ہیں۔ ان میں سے 52 امیدواروں نے آن لائن درخواستیں جمع کرائیں، جبکہ بعض امیدواروں کی جانب سے دستی طور پر بھی درخواستیں جمع کرائی گئیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سینئر صحافی ذوالفقار علی مہتو نے ڈی جی پی آر میں مینوئل درخواست جمع کرائی ہے۔ذرائع کے مطابق ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب کوثر کاظمی نے بھی مینجمنٹ پے اسکیل ون کی کمیونیکیشن اسپیشلسٹ کی پوسٹ کے لیے بذریعہ ڈاک درخواست جمع کرائی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کوثر کاظمی کی درخواست بھی موصول ہونے والی درخواستوں میں شامل ہے۔محکمہ تعلقات عامہ پنجاب نے کمیونیکیشن اسپیشلسٹ کی پوسٹ کے لیے موصول ہونے والی درخواستوں کی اسکروٹنی کا عمل شروع کر دیا ہے۔ امیدواروں کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواستوں اور دستاویزات کی جانچ پڑتال کے بعد اہل امیدواروں کو سلیکشن کے اگلے مرحلے میں شامل کیا جائے گا۔محکمہ اطلاعات و ثقافت کے مطابق کمیونیکیشن اسپیشلسٹ کی بھرتی کا عمل مقررہ قواعد و ضوابط اور متعلقہ پالیسی کے تحت مکمل کیا جائے گا، جبکہ سلیکشن کمیٹی امیدواروں کی اہلیت اور دیگر مقررہ معیار کو مدنظر رکھتے ہوئے کارروائی آگے بڑھائے گی۔بھرتی کے عمل کی تکمیل کے بعد کامیاب امیدوار کی تعیناتی مینجمنٹ پے اسکیل ون میں کنٹریکٹ بنیادوں پر کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں