sindh police ke media cell mein tabdeeli 436

صحافی امیر الدین اغوا کیس میں اہم پیش رفت۔۔۔

صحافی امیر الدین کے مبینہ اغوا کیس میں اہم پیش رفت سامنے آگئی۔ ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس کراچی رینج نے کیس کی تفتیش کی تبدیلی اور ازسرِنو جائزے کے لیے تین رکنی اعلیٰ سطحی بورڈ تشکیل دے دیا ہے۔
جاری کردہ حکم نامے کے مطابق صحافی امیر الدین کی جانب سے تھانہ سعود آباد، ضلع کورنگی میں درج مقدمہ نمبر 178/2026 کی تفتیش تبدیل کرنے کی درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے بورڈ قائم کیا گیا ہے۔ مقدمہ تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 147، 148، 149، 337-A(i) اور 365 کے تحت درج ہے۔
حکم نامے کے مطابق بورڈ میں ایس ایس پی کورنگی بطور چیئرمین جبکہ ایس پی انویسٹی گیشن تھری کورنگی اور ایس پی شاہ فیصل ڈویژن بطور اراکین شامل ہوں گے۔ بورڈ کیس کے تمام حقائق، شواہد اور تفتیشی افسر کی جانب سے ریکارڈ کیے گئے مواد کا جائزہ لے گا اور درخواست گزار کے مؤقف کو بھی مدنظر رکھتے ہوئے تفتیش کی تبدیلی یا دوبارہ تفتیش کے حوالے سے سفارشات مرتب کرے گا۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی رینج آزاد خان کے جاری کردہ حکم کے مطابق بورڈ تفتیشی افسر (I.O) کے کردار کا بھی تعین کرے گا اور اپنی سفارشات تین روز کے اندر پیش کرے گا۔
قانونی و صحافتی حلقوں نے اس اقدام کو اہم قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ بورڈ کی تحقیقات سے کیس کے حقائق سامنے آئیں گے اور شفاف تحقیقات کی راہ ہموار ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں