aik tabah saath | Imran Junior

جھٹ منگنی، پٹ طلاق

تحریر : علی عمران جونیئر

دوستو،جھٹ منگنی پٹ بیاہ،یہ کہاوت تو بہت سنی ہوگی لیکن کویت میں شادی کے فوری بعد طلاق کے واقعے نے اس کہاوت کو کچھ اس طرح تبدیل کردیا ہے کہ جھٹ شادی پٹ طلاق۔کویت میں نئے نویلے شادی شدہ جوڑے کی تین منٹ بعد ہی شادی ختم ہوگئی۔رپورٹ کے مطابق کویتی جوڑے نے جج کے سامنے شادی کے کاغذات پر دستخط کیے، کورٹ سے واپس نکلتے ہوئے دلہن لڑکھڑائی تو دلہا نے اسے بے وقوف کہہ دیا۔بس پھر کیا تھا دلہن واپس مْڑی اور جج صاحب سے کہہ کر فوراً شادی ختم کرادی۔تین منٹ کی اس شادی کو کویتی تاریخ کی سب سے کم مدتی شادی قرار دیا جارہا ہے ۔ مرد پہلی ملاقات میں کون سا کام نہ کریں تو خواتین ان سے بددل ہو جاتی ہیں؟ معروف خاتون ریڈیو میزبان جینا ہاکنگ نے اپنے شو میں گزشتہ دنوں اس حوالے سے ایسی بات کہہ دی کہ سننے والے دنگ رہ گئے۔ایک امریکی اخبار کے مطابق جینا ہاکنگ نے اپنے ایک شو میں کہا ہے کہ جو مرد پہلی ملاقات پر کھانے کا بل خود ادا نہ کریں اور خواہش کریں کہ خواتین پورا یا اپنے حصے کا بل ادا کریں، ایسے مردوں کے ساتھ خواتین دوسری بار ملاقات کے لیے کم ہی آمادہ ہوتی ہیں کیونکہ پہلی ملاقات پر ہی مرد کا یہ رویہ انہیں بددل کر دیتا ہے۔اپنا ایک واقعہ سناتے ہوئے 36سالہ جینا ہاکنگ کا کہنا تھا کہ ’’میں ایک مرد کو پسند بھی کرتی تھی لیکن جب اس سے میری پہلی ’ڈیٹ‘ ہوئی تو کھانے کے اختتام پر جب بل آیا تو اس نے میرے پرس کی طرف دیکھنا شروع کر دیا اور تب تک اپنا کارڈ نہیں نکالا جب تک میں نے اپنا کارڈ بل ٹرے پر نہیں رکھ دیا۔اس کے اس روئیے پر میں نے وہیں فیصلہ کر لیا کہ میں اس آدمی سے دوسری بار نہیں ملوں گی، کیونکہ میں ایسے مرد کے ساتھ تعلق نہیں رکھ سکتی جو ہمہ وقت اپنے پیسے کی فکر میں رہتا ہو۔ بات شروع ہوئی تھی، جھٹ منگنی پٹ طلاق سے۔۔ کویت کے بعد اب اپنے پڑوسی ملک بھارت کا بھی قصہ سن لیجئے۔۔بھارت میں نوجوان لڑکے اور لڑکی کے درمیان آن لائن گیم ’پب جی‘ کھیلتے ہوئے محبت ہو گئی اور دونوں نے شادی کر لی لیکن جب لڑکی اپنے سسرا ل پہنچی تو جھونپڑی دیکھ کر فوری وہاں سے بھاگ کھڑی ہوئی اور علیحدگی اختیار کر لی۔ بھارتی ریاست اترپردیش میں محبت کی شادی میں انوکھے انجام کا واقعہ پیش آیا کہ جس میں دلہن اپنے سسرال پہنچتے ہی سکتے میں آگئی اور اپنے گھر واپس جانے کا فیصلہ کرلیا۔ موبائل گیم فری فائر کھیلتے ہوئے یوپی کی رہائشی لڑکی کی جموئی کے رہنے والے گیارہویں کے طالب علم سے دوستی ہوگئی جو بعد ازاں محبت میں بدل گئی۔دونوں نے شادی کا فیصلہ کیا جس کے بعد لڑکی کئی سو کلومیٹر کا فاصلہ طے کرکے اکیلی لڑکے کے شہر جموئی پہنچ گئی اور دونوں نے مندر جاکر باقاعدہ شادی کرلی۔یہ واقعہ جموئی ضلع کے صدر سیکشن کے سگگی گاؤں میں پیش آیا، لڑکی کی آنکھیں اس وقت حیرت اور سکتے کے عالم میں کھلی رہ گئیں جب اس نے گاؤں پہنچ کر اپنی جھونپڑی نما سسرال دیکھی۔شوہر کے لاکھ منع کرنے، وعدوں اور دلاسوں کے باوجود عشق کا بھوت اس کے سر سے اتر گیا۔ لڑکی نے پریشان ہوکر فوری طور پر اپنے میکے واپس جانے کا فیصلہ کیا اور بھائیوں کو فون کردیا۔بعد ازاں لڑکی کے بھائی اسے واپس گھر لے گئے، بھارتی میڈیا کے مطابق موبائل پر گیم کھیلنے کے دوران لڑکے نے لڑکی کو جھوٹ بولتے ہوئے عالیشان گھر اور خود کو امیر ظاہر کیا تھا۔بات شادی ہورہی تھی تو پنجاب کے کسی گاؤں میں چودھری کی شادی تھی، مراثی کو بھی دعوت ملی، وہ خوش خوش پہنچ گیا کہ گوشت کھانے کو ملے گا مگر جب کھانا پیش کیا گیا تو مراثی کے حصے میں فقط شوربہ ہی آیا،بوٹی نہ ملی۔ مراثی نے پھرسالن مانگا تو دوبارہ اُس کی پلیٹ شوربے سے بھر دی گئی، دو تین مرتبہ جب ایسا ہی ہوا تو مراثی نے سالن کی پلیٹ پرے رکھی اور چودھری کے بیٹے کو آواز دے کر کہا۔۔ ’’پُتّر، ذرا ٹوتھ پِک دینا میرے دانتوں میں شوربہ پھنس گیا ہے۔‘‘۔۔ وزن کم کرنا مردوں کے لیے آسان ہوتا ہے یا خواتین کے لیے؟ سائنسدانوں نے نئی تحقیق میں اس سوال کا ایسا حیران کن جواب دے دیا ہے کہ کوئی سوچ بھی نہ سکتا تھا۔ یونیورسٹی آف گلاسگو اور یونیورسٹی آف نیوکاسل کے سائنسدانوں نے اس مشترکہ تحقیق کے نتائج میں بتایا ہے کہ مردوں کے لیے وزن کم کرنا خواتین کی نسبت آسان ہوتا ہے۔ تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر جارج کا کہنا تھا کہ اگر مردوخواتین کو ایک جتنی کیلوریز کی حامل خوراک دی جائے تو مردوں کا وزن خواتین کی نسبت زیادہ تیزی سے کم ہوتا ہے۔اس تحقیق میں سائنسدانوں نے 300سے زائد مردوخواتین پر تجربات کیے۔ ان لوگوں کو روزانہ 850کیلوریز کی حامل خوراک دی جاتی رہی۔ ایک سال بعد مردوں کے جسم کا 11فیصد وزن کم ہو چکا تھا جبکہ خواتین میں یہ شرح 8.4فیصد رہی تھی۔ یہ فرق آگے بھی موجود رہا اور دو سال بعد مرداپنے کل وزن کا 8.5فیصد کم کر چکے تھے جبکہ خواتین کا 6.9فیصد وزن کم ہوا تھا۔ڈاکٹر تھوم کا کہنا تھا کہ ’’اس تحقیق میں ثابت ہوا ہے کہ وزن کم کرنے کے معاملے میں جنس کا بھی اپنا ایک کردار ہے۔ اس کی ایک وجہ یہ ہو سکتی ہے کہ مردوں کا قد خواتین سے لمبا ہوتا ہے اور ان کے مسلز بھی زیادہ ہوتے ہیںجس کی وجہ سے انہیں زیادہ کیلوریز کی ضرورت ہوتی ہے، چنانچہ جب انہیں خواتین کے برابر کیلوریز دی جاتی ہیں تو ان کا وزن زیادہ تیزی سے کم ہوتا ہے۔ اور اب چلتے چلتے آخری بات۔۔۔40 سال کی عمر میں زیادہ پڑھے لکھے اور کم پڑھے لکھے کا فرق ختم ہو جاتا ہے۔ بعض دفعہ تو کم تعلیم یافتہ افراد، کہیں زیادہ پیسے کماتے ہیں۔50 سال کی عمر میں بدصورتی اور خوبصورتی کا فرق ختم ہو جاتا ہے۔ اپنے زمانے کے حسین ترین انسان کے چہرے پر بھی جھریاں نظر آنے لگتی ہیں۔۔60 سال کی عمر میں بڑے عہدے اور چھوٹے عہدے کی حیثیت ختم ہو جاتی ہے۔ سر پھرے بیوروکریٹ کو ریٹائرمنٹ کے بعد دفتر کا چپڑاسی چوکیدار بھی سلام نہیں کرتا۔۔70 سال کی عمر میں چھوٹے گھر اور بڑے گھر کا فرق ختم ہوجاتا ہے۔ گھٹنوں کی درد اور کمر کی تکلیف کی وجہ سے صرف بیٹھنے کی جگہ ہی تو چاہئیے۔۔80 سال کی عمر میں پیسے کی قدر و قیمت ختم ہوجاتی ہے۔ اگر اکاونٹ میں کروڑوں اور جیب میں لاکھوں روپے بھی ہوں، تو کونسا سکھ خریدلو گے؟90 سال کی عمر میں سونا اور جاگنا ایک برابر ہو جاتا ہے۔ جاگ کر بھی کیا تیر مار لو گے؟۔۔لہذا آج سے ہی اپنی زندگی کے ایک ایک پل کو اللہ کی رضا میں صرف کیجیے اور ہر حال میں اللہ پاک کا شکر ادا کرتے رہیے۔۔خوش رہیں اور خوشیاں بانٹیں۔۔

ماہرہ خان نے آخرکار خاموشی توڑ دی۔۔
social media marketing
Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں