جنگ پبلی کیشن ایمپلائز یونین کے انتخابات میں ایک پینل کے بلا مقابلہ انتخاب کو دوسرے گروپ کی جانب سے لیبر ڈائریکٹوریٹ سائوتھ میں چیلنج کرنے کے بعد عہدیداروں کی تبدیلی کا عمل روک دیا گیا ۔ یونین کے صدر رفیق بشیر، جنرل سیکرٹری کے امیدوار عابد ودیگر امیدواروں نے اپنے فارمز مسترد کئے جانے کے بعد بلا مقابلہ انتخاب کو چیلنج کیا تھا ۔ لیبر ڈائریکٹوریٹ نے بدھ کے روزدرخواست گذاروں ، الیکشن کمیٹی اور دیگر کو طلب کیا تھا تاہم الیکشن کمیٹی کی جانب سے کوئی بھی پیش نہیں ہوا ۔ جوائنٹ لیبر ڈائریکٹوریٹ سید فرخ ہمایوں زیدی نے اپنے نوٹیفیکیشن میں کہا کہ چیئرمین الیکشن کمیٹی ودیگر کو متعلقہ دستاویزات کیساتھ طلب کیا گیا تھا تاہم ان کی جانب سے پیش نہ ہونا یہ ظاہر کرتا ہے کہ ان کے پاس فریق ثانی کے اعتراضات کا ٹھوس جواب نہیں ہے ۔ انہوںنے مزید کہا کہ چوں کہ یونین کے کئی ارکان نے الیکشن کے عمل کو چیلنج کردیا ہے اس لئے اس سے الیکشن کا عمل مشکوک ہوگیا ہے اور اسی لئے یونین کی جانب سے چینج آف آفس بیرئیرز (عہدیداروں کی تبدیلی ) کا عمل اس وقت تک مکمل نہیں ہوگا جب تک کہ درخواست گذاروں کو مطمئن نہیں کرلیا جاتا اور ان کے اعتراضات کا ٹھوس جواب نہیں دے دیا جاتا ۔

