چیئرمین پیمرا سلیم بیگ نے انڈین مواد نشر کرنے والے کیبل آپریٹر ز کے لائسنس منسوخ کرنے کے احکامات جاری کر دیئے، محمد سلیم بیگ نے پیمراکے علاقائی دفتر فیصل آباد کا دورہ کیا۔ انچارج ریجنل آفس حافظ محمد جنید نے چیئرمین پیمرا کوانڈین چینلز کے خلاف کی جانے والی کاروائیوں اور دیگر عملی سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ چیئرمین پیمرا نے واضح احکامات دئیے کہ اگر کوئی کیبل آپریٹرمسلسل خلاف ورزی کا مرتکب ہو تو اس کا لائسنس منسوخ کیا جائے گا۔ چیئرمین نے پیمرا افسران اور فیلڈ سٹاف کوانڈین چینلز اور انڈین مواد کے خاتمے سے متعلق حکومتی پالیسی ، عدالتی احکامات اور پیمرا قوانین پر سختی سے عملدرآمد کیلئے پابند کرنے کاکہا ۔انہوں نےافسروں سے کہا کہ وہ پیمرا قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں اس بات پربھی زور دیا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ رابطہ و مشاورت کو یقینی بنائیں اور رتمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے انڈین چینلز اور انڈین مواد کے خاتمے کو یقینی بنائیں۔ چیئرمین پیمرا نے تمام افسران اور فیلڈ سٹاف کو متنبہ کیا کہ غیر ملکی چینل، فحاشی اور عریانی پر مبنی مواد جو کہ کسی سی ڈی چینل، یو ٹیوب یا کسی بھی پلیٹ فارم سے حاصل کیا جاتا ہے کیخلاف سخت ترین کاروائی کی جائے اور خلاف ورزی کے مرتکب افراد کو کسی بھی صورت معافی نہیں دی جائے۔مزید براں اس موقع پر کسی بھی سستی یا صرف نظر کی صورت میں متعلقہ اہلکاروں کیخلاف بھی محکمانہ کا روائی کاعندیہ بھی دیا۔

