سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے اپنی بیٹی کی شادی سے متعلق ایک اہم انکشاف کرتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ رشتہ طے کرتے وقت ان سے ایک بڑی غلطی ہوئی، جس کا احساس بعد میں ہوا۔بشریٰ انصاری حال ہی میں نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے اپنی بیٹیوں کی پرورش، ان پر عائد پابندیوں اور شادی کے معاملے میں اختیار کیے گئے اپنے انداز پر کھل کر بات کی۔ادا کارہ نے اپنے دل کا حال بیان کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی بیٹی کی شادی کا تجربہ بہت برا رہا۔ انہوں نے کہا کہ میں پہلے ہی اس معاملے میں زخم کھا چکی ہوں اور میری بیٹی کی شادی کا تجربہ کافی تکلیف دہ رہا ہے۔شادی کے فیصلے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم ایک متوسط گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں جہاں بیٹیوں کو کبھی یہ نہیں سکھایا جاتا تھا کہ وہ صرف امیر شوہر تلاش کریں۔ ہم یہ کبھی سوچ بھی نہیں سکتے تھے کہ بیٹی کے لیے ایسا رشتہ ڈھونڈیں جس کے پاس بڑا گھر یا بہت زیادہ جائیداد ہو۔ ہمارے لیے پیسے سے زیادہ خاندان اور تربیت اہم تھی۔ ہم یہی سوچتے تھے کہ میاں بیوی مل کر بھی گھر بنا سکتے ہیں چاہے شوہر کی آمدنی شروع میں کم ہی کیوں نہ ہو۔بشریٰ انصاری نے اعتراف کیا کہ اسی سوچ کی وجہ سے وہ اپنی بیٹی کے لیے رشتہ منتخب کرتے وقت ایک اہم بات کو نظر انداز کر گئیں۔انہوں نے کہا، ”ہم نے اپنی بیٹی کے لیے مناسب رشتہ تلاش کرتے ہوئے غلطی کی۔ میں لڑکے کو اس کے خاندان یا مالی حالات کی بنیاد پر جانچ نہ سکی۔ میں نے سوچا کہ وہ اچھی گفتگو کرتا ہے، اس کا خاندان پڑھا لکھا ہے، اس لیے وہ اچھا لڑکا ہوگا۔انہوں نے مزید انکشاف کیا، ”میری بیٹی نریمان نے بھی مجھے بتایا تھا کہ جب میں اس لڑکے سے اس کی مالی حالت کے بارے میں پوچھتی تھی تو وہ ناراض ہو جاتا تھا۔ حقیقت میں یہ ایک بڑا خطرے کا اشارہ تھا، لیکن ہم نے اسے نظر انداز کر دیا کیونکہ ہمیں ڈر تھا کہ کہیں یہ رشتہ ختم نہ ہو جائے اور یہی ہماری سب سے بڑی بھول ثابت ہوئی۔“
107
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل