karachi bar ka hum tv se maafi ka mutaalba

ہم ٹی وی گروپ کو 21 ستمبر تک مہلت مل گئی۔۔

سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس سید حسن اظہر رضوی پر مشتمل بینچ نے ہم نیٹ ورک لمیٹڈ ( ہم ٹی وی) کے بورڈز آف ڈائریکٹرز کے حالیہ انتخابات میں مبینہ بے ضابطگی اور سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کی زیر نگرانی شفاف انتخابات کرانے سے متعلق دائر درخواست پر عبوری حکم نامے میں اکیس   ستمبر تک توسیع کردی ہے، یاد رہے کہ عدالت نے ہم نیٹ ورک کو حالیہ انتخابات میں کامیابی کا نوٹی فکیشن واپس لینے سے روک دیا تھا، دوران سماعت مہتاب اکبر راشدی کے وکیل عابد زبیری نے دلائل  دیے تاہم عابد زبیری کےدلائل  پر مخالف وکیل خواجہ شمس الاسلام نے اعتراض اٹھایا کہ اتنے طویل دلائل  کا مقصد کیس کوٹرک کی بتی کے پیچھے لگانا ہے، سادہ سا کیس ہے چاہتے ہیں  جلد از جلد فیصلہ ہو، اس سے قبل  درخواست گزار شاہد حسین جتوئی اور محمد خاور اقبال نے درخواست میں چیئرمین پیمرا، چیئرمین سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان، ہم نیٹ ورک لمیٹڈ، پاکستان اسٹاک ایکسچینج، درید قریشی، سلطانہ صدیقی، مظاہر الحق صدیقی سمیت دیگر کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ ہم نیٹ ورک لمیٹڈ نے 24جولائی 2020کوایک نوٹس جاری کیا جس کے مطابق نویں غیر معمولی جنرل میٹنگ 22اگست 2020کو رکھی گئی جس میں کاروبار ی معاملات بشمول تین سال کے لیے بورڈز آف ڈائریکٹرز کے انتخابات شامل تھے۔بشمول درخواست گزاران کے 15امیدواروں نے انتخابات میں حصہ لینے کی خواہش کا اظہار کیا اور باقاعدہ طور پر آگاہ بھی کردیا ساتھ ہی اپیل کنندگان نے حتمی تاریخ سے قبل ہی اپنے کاغذات بھی جمع کرائے تاہم 13اگست 2020 کو ہم نیٹ ورک نے ایک لیٹر جاری کیا کہ جس میں 15امیدواران میں سے 8 امیدواروں کو بورڈز آف ڈائریکٹرز کے انتخابات کے لیے نااہل قرار دے دیا گیا اور دعوی کیا گیا کہ مذکورہ 8 امیدوار پیمرا آرڈیننس 2012 کی ریگولیشن 1(11)اور (3)کے تحت انتخابات میں حصہ لینے کے لیے اہل نہیں لہذا انہیں نااہل قرار دیا جاتا ہے۔ درخواست گزاران نے مزید موقف اختیار کیا ہے کہ اس طرح 15میں سے 8امیدواروں کو نااہل قرار دینے کے بعد باقی بچ جانے والے 7امیدواروں کو بلامقابلہ اور یکطرفہ کارروائی کے تحت بورڈز آف ڈائریکٹرز منتخب کر لیاگیا جو کہ کمپنی کے قوائد اور پیمرا قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے، درخواست گزاران نے عدالت کو بتایا ہے کہ کارپوریٹ سیکٹر کے سب سے بڑے ریگولیٹر ہونے کی وجہ سے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان بورڈز آف ڈائریکٹر ز کے انتخابات میں شفافیت اور قانون کے عین مطابق یقینی بنانے کا پابند ہے اور شیئر ہولڈرز کے قانونی حقوق کا تحفظ بھی ایس ای سی پی کی ذمہ داری ہے، ایس ای سی پی پابند ہے کہ اس کے لائسنس کے تحت آنے والی کمپنی کے معاملات قانون کے عین مطابق ہوں اسی لیے ایس ای سی پی کو باقاعدہ شکایت بھی ارسال کی گئی کہ کچھ عرصہ سے ڈائریکٹرز کا ایک گروپ جو کہ درید قریشی، سطانہ صدیقی، مظاہرالحق صدیقی پرمشتمل ہے، کمپنی کا پلیٹ فار م کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے ڈائریکٹرز کے انتخابات کی شفافیت، آزادانہ کو سبوتاژکرنے کے لئے مہم جاری رکھے ہوئے ہیں، درخواست گزاران نے عدالت کو مزید بتایا کہ ڈائریکٹرز کے مخصوص گروپ نے محمد ایوب کو غیر قانونی طریقے سے بورڈز آف ڈائریکٹرز بنوایا اور نام و نہاد سکروٹنی نے ایک پوری مدت ختم ہونے کے باوجود محمد ایوب کو بورڈز آف ڈائریکٹرز کے انتخابات کا اہل قرار دے دیا، درخواست کے مطابق اس پورے غیر قانونی عمل کا مقصد انہیں اور تمام شیئر ہولڈرز کو ان کے قانونی حق سے محروم کرنا ہے، چونکہ پیمرا اور ایس ای سی پی کمپنی کے بورڈز آف ڈائریکٹرز کے انتخابات میں شفافیت، آزادانہ کرانے میں ناکام رہا لہذا اپیل کنندگان عدالت کا دروازہ کھٹکٹا رہے ہیں، درخواست گزاروں کے وکلا نے درخواست میں عدالت کو بتایا کہ ہم نیٹ ورک نے انتخابات کا نوٹی فکیشن آخری ورکنگ دن یعنی 13اگست کو جاری کیا، اگلے روز قومی تہوار کی چھٹی تھی اور 15اگست تک یہ نوٹی فکیشن موصول ہوا، درخواست گزاران نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ کمپنی کی جانب سے جاری کردہ 13اگست کے نوٹی فکیشن کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کالعدم قرار دیا جائے، ایس ای سی پی کو ہدایت دی جائے کہ وہ اپنا نمائندہ مقرر کرے جو ایس ای سی پی قوانین سے بخوبی آگاہ ہواور کمپنی کے بورڈز آف ڈائریکٹرز کے انتخابات اپنی نگرانی میں کرائے جس میں آزادانہ ماحول، شفافیت کو یقینی بنایا جائے، جبکہ دوسری جانب حالیہ انتخابات میں کامیاب قرار پانے والی مس مہتاب اکبر راشدی نے بھی درخواست دائر کر رکھی ہے جس میں انہوں نے موقف اختیار کیا کہ وہ قانون کے مطابق منتخب ہو چکی ہیں لیکن انہیں خدشہ ہے کہ کامیابی کا نوٹی فکیشن واپس لے لیا جائے گا، جس پر عدالت نے انتظامیہ کو کامیابی کا نوٹی فکیشن واپس لینے سے روک دیا تھا۔ ۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں