سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن (ایس ای سی پی)سے حساس ڈیٹا لیک ہونے کے معاملے پر 10 افسران کو شوکاز نوٹس جاری کردیا گیا۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق حساس ڈیٹا لیک ہونے کے معاملے پر انکوائری رپورٹ کے بعد ایس ای سی پی کے 10 افسران کو شوکاز نوٹس جاری کردیا گیا، شوکاز میں افسران سے 29 ستمبر تک تحریری جواب طلب کیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ایڈیشنل ڈائریکٹر اور جوائنٹ ڈائریکٹر کے افسران کو شوکاز جاری کیا گیا ہے، تحریری جواب ملنے کے بعد انکوائری کمیشن تمام افسران کو سنے گی۔ذرائع کے مطابق ایس ای سی پی افسران سے موقف لینے کے بعد باضابطہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ یاد رہے کہ اس سے قبل سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن سے حساس ڈیٹا لیک ہونے پروزیر اعظم عمران خان سے چیئرمین ایس ای سی پی نے ملاقات کی تھی۔۔ اور ڈیٹا لیک انکوائری سے متعلق وزیراعظم کو آگاہ کیا تھا ۔یہ بھی یاد رہے کہ وفاقی کابینہ میں وزراء نے ایس ای سی پی کا ڈیٹا لیک ہونے کا معاملہ اٹھایا تھا، وزراء نے وزیراعظم کو ڈیٹا لیک انکوائری رپورٹ پبلک کرنے کا مشورہ دیا۔ واضح رہے کہ احمد نورانی کی جانب سے عاصم باجوہ کے خلاف اثاثوں سے متعلق خبر بریک کرنے کے بعد ایس ای سی پی کے جوائنٹ ڈائریکٹر اور سابق صحافی کی پراسرار گمشدگی بھی تاحال معمہ بنی ہوئی ہے، ایس ای سی پی کے اندرونی ذرائع کا کہنا ہے کہ دس افسران کو شوکاز جاری کرنا بھی احمد نورانی کی بریکنگ نیوز کا تسلسل ہے، جس کی ابھی تک چھان بین جاری ہے۔۔

