آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں عالمی اردو کانفرنس منعقدہ اجلاس ”ہم سب اُمید سے ہیں“ سےگفتگو کرتے ہوئے معروف مزاح نگار ڈاکٹر یونس بٹ نے کہاکہ دوسروں کو ہنسانا اور ان کے لبوں پر مسکراہٹ لانا لکھنے والے کی ذمہ داری ہوتی ہے ناکہ کامیڈین اداکار کی، اگر لکھنے والا مزاح لکھتے وقت دوسروں کو ہنسا نہیں سکتا تو میری نظر میں وہ ایک ناکام رائٹر ہے، مزاح ایک ایسی صنف ہے کہ جس کے بارے میں لکھا جاتا ہے وہ تو مسکراتا ہی ہے مگر اس کا مخالف نہ صرف مسکراتا ہے بلکہ خوب ہنستا بھی ہے، آپ کی کامیابی آپ کے دوستوں کی ناکامی کبھی نہیں ہوتی، زندگی نام ہی بیلنس کا ہے، اگر آپ خود کو بیلنس نہیں کریں گے تو گر جائیں گے۔ کاشف گرامی کی جانب سے پوچھے گئے مختلف سوالوں کا جواب دیتے ہوئے ڈاکٹر محمد یونس بٹ نے کہاکہ لاہور میں رہتے ہوئے جن دوستوں سے کئی کئی دن اور کئی کئی ماہ تک ملاقات نہیں ہوتی تھی احمد شاہ کے توسط سے اس عالمی اردو کانفرنس میں ان سب سے ملاقات ہوجاتی ہے۔

