لاہورپریس کلب کے صدر ارشدانصاری نے کہاہے کہ کلب کی منتخب گورننگ باڈی ممبران کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے عملی طور پر اقدامات بروئے کار لارہی ہے اور گردوں کے امراض میں مبتلا ممبران اور ان کے اہلخانہ کو علاج معالجے کی تمام سہولیات مفت فراہم کرنے کے لئے المکی المدنی ڈائیلسزسنٹر کے ساتھ معاہدہ طے پاگیاہے۔ ایم او یو دستخط کی پروقار تقریب لاہورپریس کلب میں منعقد ہوئی جس میں لاہورپریس کلب کے صدر ارشد انصاری، جوائنٹ سیکرٹری عمران شیخ ، ممبر گورننگ باڈی سید سجادکاظمی، سرمد فرخ خواجہ ، الفت حسین مغل، محمد احمد رضا،سید بدر سعید،المکی المدنی ڈائیلسزسنٹر کے سی ای اوڈاکٹر محمد جمیل ، سینئر نائب صدر منیر حسین شاہد، جنرل سیکرٹری شیرافضل، ایگزیکٹو کونسل ممبران امتیاز احمدبیگ، منیر افضل، محمد سعد، افتخار احمدنے شرکت کی ۔ معاہدے کے مطابق گردوں کے امراض میں مبتلا مریضوں کوابتدائی طبی علاج ، فسچولا اور ڈائیلسز سمیت تمام طبی سہولیات مفت فراہم کی جائیں گی۔ لاہورپریس کلب کے صدر ارشدانصاری اور المکی المدنی ڈائیلسز سنٹر کے سی ای او ڈاکٹر محمد جمیل نے معاہدے کے دستاویزات پر دستخط کئے۔ المکی المدنی ڈائیلسزسنٹر کے سی ای او ڈاکٹر محمد جمیل نے اس موقع پر کہا کہ ان کا ادارہ گردوں کے امراض میں مبتلامریضوں کی خدمت کے لئے کوشاں ہے ، سالانہ پچیس ہزار افراد اس مرض میں مبتلا ہوجاتے ہیں لیکن گردوں کے امراض کے علاج کی سہولیات محدود ہونے کے باعث صرف بیس فیصد مریض ہی علاج کرا پاتے ہیں جبکہ اکثرمریض علاج معالجے سے محروم رہ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تشخیص کے باوجود گردوں کے مریضوں کا بروقت ڈائیلسز نہ کرانا انتہائی افسوسناک ہے، ہماری تنظیم جس میں ڈاکٹرزکی ایکسپرٹ ٹیم شامل ہے نے ان حالات کے پیش نظر ڈائیلسزسنٹر کی ابتداکی اورآج ہم جدید اور سائنٹیفک طریقوں سے مریضوں کا علاج کررہے ہیں۔ اپنے ادارے کی ترقی کا ذکر کرتے ہوئے ڈاکٹر جمیل کا کہنا تھا کہ 4 ڈائیلسز مشینوں کے ساتھ سنٹر کا آغاز کیا اور صرف 3 سال میں 28 مشینوں کے ساتھ طبی خدمات پیش کر رہے ہیں بلکہ بہت جلد بچوں کے ڈائیلسز کا یونٹ بھی کام شروع کر دے گا۔ چیئرمین المکی المدنی ڈائلسز سنٹر نے کہا کہ ہمارے لئے یہ اعزاز کی بات ہے کہ ہم صحافی کمیونٹی کو علاج کی تمام سہولیات مفت فراہم کرنے کے لئے آج لاہورپریس کلب کے ساتھ معاہدہ کررہے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ لاہورپریس کلب کے ذریعے نہ صرف صحافی برادری کی خدمت کریں گے بلکہ کلب کے پلیٹ فارم سے عوامی سطح پر گردوں کے امراض میں مبتلا مریضوں کو آگاہی میں بھرپور مدد ملے گی۔ صدر ارشد انصاری نے گردوں کے امراض میں صحت کی مفت سہولیات فراہم کرنے پر المکی المدنی ڈائیلسزسنٹر کے سی ای او ڈاکٹر محمد جمیل اور ان کی ٹیم کا شکریہ اداکیا اورمعاہدہ کرانے پر ممبر گورننگ باڈی احمد رضا کی کاوش کوسراہااور لاہورپریس کلب میں گردوں کے امراض میں مبتلا مریضوں کے علاج معالجے اورگردوں کے امراض سے بچاﺅ پرجلد سیمینار کے انعقاد اعلان کیا۔
77
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل