230

صحافی پر تشدد کرنے والے 4 پولیس اہلکار معطل۔۔۔۔

ڈی آئی جی آپریشنز لاہور نے احتجاج کی کوریج کرنے والے صحافی ناطق ریحان پر تشدد کے معاملے پر 4 پولیس اہلکاروں کو معطل کرکے محکمانہ کارروائی کا حکم دے دیا۔لاہور پولیس کے مطابق صحافی ناطق ریحان پر پولیس تشدد کے معاملے پر ڈی آئی جی آپریشنز لاہور نے نوٹس لیا اور تشدد میں ملوث چار اہلکاروں کو معطل کردیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ معطل ہونے والے اہلکاروں میں زین العابدین، محمد مصدق، نجمم الحسن اور محمد فرحان شامل ہیں۔ڈی آئی جی آپریشنزلاہور فیصل کامران نے چاروں پولیس اہلکاروں کی محکمانہ انکوائری کا بھی حکم دے دیا۔ قبل ازیں لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری، نائب صدر سلیمان قریشی، نائب صدر مدثر صدیقی، جنرل سیکرٹری افضال طالب، جوائنٹ سیکرٹری عمران شیخ، فنانس سیکرٹری ملک نواز اور گورننگ باڈی کے اراکین نے آج نیوز کے کورٹ رپورٹر ناطق ریحان کو کورٹ کوریج کے دوران پولیس کی جانب سے تشدد کا نشانہ بنائے جانے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔آج نیوز کے کورٹ رپورٹر ناطق ریحان آج ایوان عدل کے باہر کوریج کر رہے تھے کہ پولیس نے روکنے کے لیے صحافی پر لاٹھی چارج کرتے ہوئے تشدد کا نشانہ بنایا اور گرفتار کرکے قیدیوں کی وین میں بٹھا دیا۔لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کو آئینی فرائض کی انجام دہی کے لیے ہر طرح کے تحفظ اور اچھے برتاؤ کا مستحق ہونا چاہیے۔ صحافیوں کو فرائض کی ادائیگی سے روکنا اور ان کے ساتھ ناروا سلوک کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔پولیس کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعہ میں ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور صحافی کو انصاف دلایا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں