5

خاتون ٹک ٹاکر کا غیرت کے نام پر قتل، باپ اور بھائی گرفتار۔۔۔۔

راولپنڈی پولیس نے ٹیکسلا میں ٹک ٹاکر اور سوشل میڈیا شخصیت شمسو بی بی عرف عائشہ گیلامنہ کے قتل کا سراغ لگا لیا، مقتولہ کے والد اور بھائی سمیت 5 ملزمان گرفتار کرلیے گئے۔ایس ایس پی آپریشنز ملک طارق محبوب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ خاتون ایکٹیوسٹ کو ٹیکسلا میں قتل کیا گیا تھا، مقدمے کا مدعی مقتولہ کا والد بنا اور اس نے 2 ملزمان کو نامزد کیا۔انہوں نے بتایا کہ تحقیقات کے دوران مقتولہ کی بہن سے بھی پوچھ گچھ کی گئی، جب کہ خاتون کا موٹر سائیکل سوار ملزمان نے تعاقب کیا تھا۔ تفتیش میں مقتولہ کے خاندان کے افراد کے قتل میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا۔ایس ایس پی آپریشنز کے مطابق گرفتار ملزمان کی تعداد 5 ہے، جن میں مقتولہ کا والد فضل، حقیقی بھائی بشیر، چچا زاد بھائی احسان، والد کا چچا روزی خان اور چچا زاد بھائی کا بیٹا یاسین شامل ہیں۔پولیس کے مطابق مقتولہ کے گھر والے اسے سوشل میڈیا پر پسند نہیں کرتے تھے۔ عائشہ گیلامنہ خیبر پختونخوا سے ہجرت کرکے اسلام آباد آئی تھیں، جب کہ ان پر پہلے حملے کی کوشش ہری پور میں کی گئی تھی۔راولپنڈی پولیس ترجمان کے مطابق سی پی او حسن مشتاق سکھیرا کی ہدایات پر قتل کیس کی تفتیش کے لیے متعدد خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں، جو سی پی او کو براہ راست لمحہ بہ لمحہ پیش رفت سے آگاہ کرتی رہیں۔پولیس ٹیموں نے 100 سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ کا جائزہ لیا اور تمام دستیاب ذرائع استعمال کیے۔ تفتیش کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے حالات و واقعات کی روشنی میں مقتولہ کے والد اور بھائی کو بھی شامل تفتیش کیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر عائشہ کو قتل کروانے کا انکشاف کیا اور قانون کو دھوکا دینے کے لیے واقعے کے بعد ڈھونگ رچانے کی کوشش کی۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق قتل غیرت کے نام پر کیا گیا، تاہم پولیس کے مطابق مزید تفتیش میں اہم انکشافات سامنے آسکتے ہیں۔پولیس نے شواہد اور تفتیش کی روشنی میں پانچوں ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان پیش کرکے انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کی کوشش کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں