phase two ka ifteta marium nawaz khud karen 194

کلب کے ہر ممبر کو پلاٹ ملے گا، فیزٹوکی کہانی۔۔

تحریر: احمد صابر چغتائی۔۔
صحافی کالونی فیز ٹو تحریک کا اجلاس 12 جولائی بروز اتوار نثار عثمانی ہال میں ہوا۔ صدر لاہور پریس کلب جناب ارشد انصاری نے فیز ٹو پر مفصل بریفنگ دی۔ جنرل سیکرٹری افضال طالب، جوائنٹ سیکرٹری عمران شیخ، ممبران گورننگ باڈی محمد احمد رضا، خواجہ سرمد فرخ، ظہیر شیخ، اسد گڈو اور بدر سعید بھی شریک ہوئے۔ فیز ٹو کے ممبران نے بھرپور شرکت کی۔ اجلاس کی ابتدا احمد رضا نے تلاوت قرآن پاک سے کی۔ جس کے بعد صدر پریس کلب نے ممبران فیز ٹو کے سوالات کے جوابات دیے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت آپ کو لاہور شہر میں ڈویلپڈ پلاٹ دینے کا ارادہ رکھتی ہے ساتھ ہی وعدہ کیا کہ اگست کے آخر تک فیز ٹو ممبران کو الاٹمنٹ لیٹرز دے دیے جائیں گے۔ ارشد انصاری نے 15 روز بعد نئی ڈویلپڈ لوکیشن کا نوٹیفکیشن شیئر کرنے کا بھی وعدہ کیا۔ صدر پریس کلب نے کہا کہ ہر 15 روز بعد ممبران کو فیز ٹو کی پیشرفت سے آگاہ رکھا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کی جانب سے فیز ٹو کے لیے ریلیز ہونے والی 40 کروڑ کی گرانٹ روڈا کو ٹرانسفر ہو چکی ہے۔۔ تاہم ممبران کی جانب سے جمع کروائے گئے 62 ہزار 500 روپے ابھی تک پی جے ایچ ایف کے اکاؤنٹ ہی میں موجود ہیں۔ ارشد انصاری نے اعداد و شمار کے ساتھ بتایا کہ نان ممبران کی سکروٹنی کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔۔ جبکہ پریس کلب ممبران کے وہ بطور صدر ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے ایک ہی فیملی کے دو ممبران کو پلاٹ دینے کے معاملے کی بھی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے اس معاملے پر تحفظات تھے لیکن انہوں نے اس معاملے کو بھرپور انداز میں اٹھایا اور اب ہر اس ممبر کو پلاٹ ملے گا جو پریس کلب کا ممبر اور ورکنگ جرنلسٹ ہے۔ صدر پریس کلب نے بیروزگار ہونے والے ممبران کا مقدمہ بھی اپنے سر لیتے ہوئے کہا کہ وہ کسی بھی حقدار ممبر کی حق تلفی نہیں ہونے دیں گے۔ اجلاس کے شرکاء نے صدر پریس کلب کی بریفنگ کے بعد ان پر اور تمام باڈی پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ اگست کے آخر تک الاٹمنٹ لیٹرز ملنے اور پندرہ روز بعد جگہ کی کنفرمیشن کا لیٹر شیئر کرنے کے عزم و عہد کو سراہا۔۔(احمد صابر چغتائی)۔۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں