وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیرِاعظم نے تمام وزارتوں کو ہدایت کی کہ موجودہ صورتحال اور خصوصاً عیدالفطر کے پیش نظر میڈیا کے واجبات کی فوری ادائیگی کو یقینی بنایا جائے۔میڈیا کو بریفنگ میں وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا کہ تمام وزارتوں کی جانب سے ہر ممکنہ کوشش کی جائے کہ عید سے پہلے تمام واجب الادا رقم کی ادائیگیاں کر دی جائیں تاکہ میڈیا انڈسٹری اور خصوصاً میڈیا ورکرز اور سٹاف کی مشکلات کا ازالہ کیا جا سکے۔ کابینہ نے ہدایت کی کہ صوبہ پنجاب اور صوبہ خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومتوں کے ذمہ واجبات کی ادائیگیوں کو بھی فوری طور پر یقینی بنایا جائے۔اس کے ساتھ ساتھ وزیرِ اعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ میڈیا انڈسٹری میں کام کرنے والے غریب اور مستحق ورکرز اور سٹاف کو احساس پروگرام میں شامل کیا جائے تاکہ ان کو بھی حکومت کی جانب سے موجودہ مشکل حالات میں فراہم کیے جانے والے ریلیف کی فراہمی کو یقینی بنایاجا سکے۔میڈیا ورکرز کی تنخواہوں کی ادائیگی کے بارے میں انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ایڈورٹائزنگ ایجنسیوں کا کمیشن 15 فیصد ہو تا ہے۔ یہ نہیں ہوسکتا کہ 85فی صد والے 15فیصد کے پیچھے بھاگیں ۔ اگر وہ ذمہ داری کا مظاہرہ نہیں کریں گے تو ہم براہ راست ادائیگی کر دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان سب سے کمزور طبقے کے ساتھ ہیں ۔ ہم نے میڈیا ورکرز کی تنخواہوں کیلئے میڈیاہائوسز کو ادائیگی کی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا ہے کہ عید سے پہلے میڈ یا ورکرز کو ادائیگی کی جا ئے۔ اگر میڈیا ورکرز کو ادائیگی نہ کی گئی تو ہم سخت ایکشن لیں گے ۔ ہمارے پاس مختلف طریقے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے کل اجلاس بلایا ہے ۔ ہم اشتہارات کے نظام کو درست کرنا چا ہتے ہیں ۔ اسے شفاف بنا نا ہے ۔ ایسا میکانزم بنا نا ہے کہ کسی سے زیادتی نہ ہو۔ انصاف پر مبنی متوازن پا لیسی بنا ئی جا ئے گی۔ ہم نے تمام اسٹیک ہولڈرز کو بلایا ہے۔
عیدسے پہلے میڈیاورکرزکوادائیگی نہ کرنے پر سخت ایکشن کا فیصلہ۔۔
Facebook Comments
