وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت کی کوشش ہے ڈیجیٹل میڈیا کی وجہ سے کوئی ملازم بے روزگار نہ ہو۔سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات کا اجلاس سرمد علی کی صدارت میں ہوا، اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے سوشل میڈیا اشتہارات پر بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کے حوالے سے 2021ء کی پالیسی 2022ء میں ترمیم ہوئی۔ ڈیجیٹل میڈیا اس ملک میں خودکفیل فورم ہے۔ تھرڈ پارٹی کے ذریعے ویوز اور دیگر عوامل کی توثیق کا نظام لایا گیا۔ وفاق نے جو پالیسی بنائی مختلف صوبوں نے بھی اسے اپنایا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل میڈیا کو فنانشل سپورٹ کی ضرورت نہیں ہوتی۔ ہم اتنی ایڈورٹائزمنٹ کرتے ہیں جتنی ہماری ضرورت ہوتی ہے۔ ہماری سب سے بڑی ترجیح ایمپلائیز کی ویلفیئر ہے۔ ڈیجیٹل میڈیا کی وجہ سے ہماری کوشش ہے کہ کوئی ملازم بے روزگار نہ ہو۔ اسلام آباد کے بیٹ رپورٹرز اور صحافی میری ذمہ داری ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ 12 سال کے بچے سے لے کر 70 سال تک کے بزرگ سوشل میڈیا استعمال کرتے ہیں۔ سوشل میڈیا کو فیڈ کرنے والا میڈیم اخبار یا ٹیلی ویژن ہے۔ اگر ہم تیزی سے آگے بڑھنے والے میڈیم کو مزید تقویت دیں گے تو وہ اخبار اور ٹی وی کی قیمت پر ہوگی۔ ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر سب سے پہلا حق اخبار کے ڈیجیٹل شعبے کا ہے۔ ایڈورٹائزمنٹ پالیسی 2024ء کے تحت ہماری کوشش ہوگی کہ اخبارات کی ڈیجیٹل شمولیت کو بڑھایا جائے۔ الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کی قیمت پر ڈیجیٹل میڈیا کو آگے نہیں بڑھایا جا سکتا۔
115
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل