کراچی یونین آف جرنلسٹس نے اسلام آباد کے سینئر صحافی ظفر رشید بھٹی کے کرونا وائرس کے باعث انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور کراچی سمیت ملک بھر میں لا تعداد صحافیوں کے کرونا وائرس سے شکار ہونے پر بھی افسوس کا اظہار کیا ہے اور وبا کی صورتحال میں ٹی وی چینلز اور اخبارات سے صحافیوں کی برطرفی اور تنخواہوں کی عدم ادائیگی کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ کے یو جے کے صدر حسن عباس نائب صدر رفیق بلوچ اعجاز احمد جنرل سیکرٹری عاجز جمالی جوائنٹ سیکرٹری ناصر شریف لبنی جرار خازن سیما شفیع اور ایگزیکٹو کونسل کے ارکان نے اپنے بیان میں نئے وفاقی وزیر اطلاعات اور معاون خصوصی سے مطالبہ کیا ہے کہ وزارت اطلاعات نے پی ایف یو جے کی مرکزی قیادت سے صحافیوں کے حوالے سے جو وعدے کیئے ہیں ان پر فوری طور پر عمل کیا جائے۔ کے یو جے نے کہا کہ وفاقی حکومت کے اعلان کے با وجود متعدد ٹی وی چینلز اور اخبارات نے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو بے روزگار کیا ہے۔ دوسری جانب متعدد ادارے کئی ماہ سے صحافیوں کو تنخواہیں ادا نہیں کر رہے۔ ملک میں وبا کی صورتحال میں صحافی اور میڈیا ورکرز انتہائی کسمپرسی کی حالت میں زندگی بسر کر رہے ہیں۔ ہزاروں ورکرز بے روزگار ہیں پاکستان کی میڈیا انڈسٹری میں کرونا وائرس سے بھی خطرناک صورتحال ہے اس لئے وفاقی حکومت بیروزگار صحافیوں کے لئے بھی روزگار یا قرضہ جات فراہم کرنے کی اسکیم کا اعلان کرے تاکہ میڈیا انڈسٹری سے بیروزگار ہونے والے افراد معاشرے میں اپنے بچوں کی پیٹ گذر کے لئے کوئی عزت بھرا روزگار کر سکیں۔ کے یو جے نے ان میڈیا ہائوسز کے مالکان کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے جو ورکرز کو بیروزگار کر رہے ہیں یا تنخواہیں روک رہے ہیں۔ کے یو جے کے رہنمائوں نے کہا کہ یہ بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ بعض میڈیا ہائوسز نے کام کے دوران کرونا وائرس کا شکار ہونے والے ورکرز کو برطرف کردیا ہے جو قابل شرم اور نا قابل برداشت عمل ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں میڈیا ورکرز کے ساتھ انتہائی شرم ناک سلوک کا عالمی صحافتی تنظیموں نے بھی نوٹس لیا ہے پی ایف یو جے ملک بھر سے صحافیوں کے اعداد و شمار جمع کر رہی ہے۔ مختلف اداروں سے کرونا وائرس کے دوران بے روزگار ہونے یا تنخواہوں سے محروم صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو اپنی تفصیلات کے یو جے کو فراہم کرنے کی گزارش کی جاتے ہے۔
کورونا کا شکار میڈیاورکرزکوبرطرف کیا جارہا ہے، کے یوجے۔۔
Facebook Comments
