bol news ke license ki muattili ka mutaalba

بول نیوزکے لائسنس کی معطلی کا مطالبہ۔۔

 کراچی یونین آف جرنلسٹس  کے صدر خلیل احمد ناصر اور جنرل سیکریٹری نعمت خان نے بول نیوز کی جانب سے 60 صحافیوں کی جبری برطرفیوں کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ، چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور چیئرمین پیمرا محمد سلیم بیگ سے معاملے کا نوٹس لینے اور برطرف ملازمین کی بحالی تک چینل کا لائسنس معطل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ کے یو جے دستور کے رہنماؤں نے ملازمین کی فوری بحالی نہ ہونے کی صورت میں  بول کے دفتر احتجاج اور دھرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بول ٹی وی سے 60 صحافیوں کی بلاجواز برطرفی کی شدید مذمت کرتے ہیں، اس قسم کے عمل سے ناصرف صحافیوں کے چولہے ٹھنڈے پڑتے ہیں بلکہ اس سے میڈیا جیسے آزاد اور ذمہ دار ادارے کو بھی ناقابل تلافی نقصان پہنچتا ہے۔ صحافیوں کی نمائندہ تنظیم کے رہنماؤں نے بیان میں کہا کہ ہم وزیر اعظم، چیف جسٹس سپریم کورٹ اور چیئرمین پیمرا سے فوری کارروائی کرنے، صحافیوں کی بحالی اور ملازمین کے واجبات و تنخواہوں کی ادائیگی کا معاملہ حل ہونے تک چینل کا لائسنس معطل کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ پیر کے روز چینل کی انتظامیہ نے 60 کے قریب صحافیوں کو ان کی ملازمتوں سے برخاستگی سے آگاہ کیا۔ چینل نے ملکی قوانین کو بالائے طاق رکھتے ہوئے انہیں کسی بھی قسم کی پیشگی اطلاع، واجبات کی ادائیگی اور تنخواہوں کی ادائیگی سے متعلق کسی بھی قسم کی یقین دہانی کے بغیر ملازمتوں سے فارغ کیا۔ کے یو جے دستور کے صدر خلیل ناصر نے بول ٹی وی کی نئی انتظامیہ کے تحت غیر پیشہ ورانہ طرز عمل پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا بول سے تعلق رکھنے والے صحافی ، مالکان کی بجلی کے تقسیم کار ادارے اور ٹرانسپورٹ کمپنی کے ملازمین جیسے سلوک کے ہر گز حقدار نہیں۔۔   کے یو جے دستور کے جنرل سیکریٹری نعمت خان نے صحافی حقوق کی خلاف ورزی پر 3 مراحل پر مشتمل احتجاجی حکمت عملی سے متعلق کہا کہ متاثرہ صحافیوں کو انصاف دلانے کے لئے پہلے بول کے ہیڈ آفس کے باہر احتجاج کیا جائے گا۔ دوسرے مرحلے میں چینل مالکان کی دیگر کمپنیوں کے دفاتر کے باہر بینر آویزاں  کئے جائیں گے۔ جب کہ تیسرے اور آخری مرحلے میں ان کی بجلی کی تقسیم کار کمپنی  اور بس سروس کے دفاتر کے باہر احتجاج کیا جائے گا۔نعمت خان نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ وہ آزادی صحافت کے اصولوں کو برقرار رکھنے کے لئے فوری ایکشن لیں اور بول ٹی وی کے صحافیوں کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کے ازالے کے لئے اقدامات کریں۔ انہوں نے زور دیا کہ میڈیا کو بےایمان مالکان کے ہاتھوں ہرگز یرغمال نہیں بنانا چاہیے، اور کے یو جے دستور اپنے ساتھیوں کے لیے احتساب اور انصاف کا مطالبہ کرنے کے لے متحد ہے۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں