بھارتی سپورٹس چینل کی پاکستان میں نشریات دکھانے کے معاملے پر ایوان بالا کی قائمہ کمیٹی اطلاعات و نشریات نے پیمرا کو انکوائری رپورٹ بیس یوم میں مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔ ایوان با لاء کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر فیصل جاوید کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا کہ پی ٹی وی سپورٹس سے پی ٹی وی بڑی آمدن حاصل کرتا ہے مگر انڈیا کا ایک سپورٹس چینل دیگر کمپنیوں کے ساتھ کام کر رہا ہے اُس کی نشریات پاکستان میں دکھائی جا رہی ہیں جس پر پیمرا حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ لائسنس دیتے وقت وزارت داخلہ سے سیکورٹی کلیئرنس حاصل کیا جاتا ہے ،معاملے کی انکوائری کر کے ایک ماہ میں رپورٹ پیش کردینگے۔ جس پر چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ بہتر یہی ہے کہ دس نومبر تک کمیٹی کو انکوائری رپورٹ فراہم کی جائے۔

