کراچی کی صحافی برادری، میڈیا ورکرز، مزدور رہنماوں اور سول سوسائٹی نے روزنامہ ڈان کی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ملازمین کی جبری برطرفیوں کا سلسلہ فوری طور پر بند کریں ادارے میں تنخواہوں میں کی گئی جبری کٹوتیاں واپس اور آٹھواں ویج ایوارڈ فوری طور پر نافذ کیا جائے۔ روزنامہ ڈان کی ہیرالڈ ورکرز یونین کے تحت ہارون ہاوس سے گورنر ہاوس تک احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں کراچی یونین آف جرنلسٹس، ایپنک، جنگ ایمپلائز یونین، دی نیوز ایمپلائز یونین، جاوید پریس ایمپلائز یونین سی بی ایز کے رہنماوں، سول سوسائٹی اور مزدور رہنماوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکا اپنے مطالبات کے حق میں زبردست نعرے بازی کرتے ہوئے ہارون ہاوس سے گورنر ہاوس کی طرف روانہ ہوئے مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں مختلف بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر صحافیوں کا معاشی قتل عام بند کرو، حمید ہارون ہوش کے ناخن لو، جبری برطرفیاں بند کرو، تنخواہوں میں کٹوتی نامنظور اور دیگر نعرے درج تھے اس موقع پر سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے اور پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درجنوں اہلکار ہارون ہاوس اور گورنر ہاوس کے باہر تعینات تھے۔ گورنر ہاوس کے باہر پہنچ کر بھی احتجاج کا سلسلہ جاری رہا مظاہرین گورنر ہاوس کے باہر مسلسل زبردست نعرے بازی کرتے رہے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ میڈیا مالکان کے اثاثوں کی چھان بین ہونی چاہیے اور ان کے غیرقانونی اقدامات پر سپریم کورٹ آف پاکستان کو نوٹس لینا چاہیے، میڈیا مالکان ایک طرف اپنے اثاثے بنارہے ہیں اور دوسری طرف صحافیوں اور دیگر میڈیا ورکرز کو یا تو جبری برطرف کیا جارہا ہے یا پھر کئی کئی ماہ سے انہیں تنخواہوں کی ادائیگی نہیں کی جارہی جن اداروں میں تنخواہیں دی جارہی ہیں وہاں ان میں غیرقانونی کٹوتی کی جارہی ہے مقررین کا کہنا تھا کہ میڈیا مالکان کے خلاف نیب قوانین کے تحت کارروائی ہونی چاہیے اور ان کے اندرون ملک اور بیرون ملک اثاثے سامنے لائے جانے چاہیں اس سلسلے میں حکومت اپنا مثبت کردار ادا کرے مقررین نے پی ٹی آئی کی حکومت پر بھی تنقید کی اور اسے میڈیا ورکرز دشمن قرار دیا جس کے آنے کے بعد سے میڈیا مالکان مصنوعی بحران کے نام پر میڈیا ورکرز کے خلاف اقدامات کررہے ہیں لیکن حکومت نے اس پر چپ سادھی ہوئی ہے جو ملی بھگت کا ثبوت ہے۔ مقررین کا کہنا تھا ہم نے جدوجہد کا راستہ اپنایا ہے اور اپنے حقوق کے حصول تک یہ جدوجہد جاری رہے گی ہم ناصرف سڑکوں پر احتجاج کریں گے بلکہ قانون کے مطابق عدالتی جنگ بھی لڑیں گے احتجاجی ریلی سے کراچی یونین آف جرنلسٹس کے صدر نظام الدین صدیقی، جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی، ہیرالڈ ورکرز یونین کے صدر عمران ایوب، سیکریٹری رشاد محمود، جوائنٹ سیکریٹری غلام فرید، سینئر مزدور رہنما لیاقت ساہی، ایپنک کے مرکزی جنرل سیکریٹری شکیل یامین کانگا، دی نیوز ایمپلائز یونین سی بی اے کے جنرل سیکریٹری دارا ظفر، جاوید پریس ایمپلائز یونین سی بی اے کے جنرل سیکریٹری رانا یوسف، ایپنک کے دوسرے دھڑے کے جنرل سیکریٹری عبیداللہ، کراچی یونین آف جرنلسٹس دستورکے صدر جاوید سلطان جدون اور دیگر نے خطاب کیا۔۔

