133

آفاق احمد غیرمشروط معذرت کریں، کے یوجے دستور۔۔

کراچی یونین آف جرنلسٹس (دستور) کے صدر نصراللہ چوہدری، جنرل سیکریٹری ریحان خان چشتی اور مجلسِ عاملہ نے ایم کیو ایم حقیقی کے چیئرمین آفاق احمد کی جانب سے جلسے کی کوریج کے دوران صحافیوں اور کیمرہ پرسنز کے ساتھ مبینہ ناروا رویے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے آزادی صحافت اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی کھلی توہین قرار دیا ہے۔ اتوار کو جاری اپنے بیان میں کے یوجے دستور عہدیداروں نے کہا کہ صحافی کسی بھی سیاسی جماعت، ادارے یا شخصیت کی دعوت پر محض اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داری ادا کرنے کے لیے کوریج کرتے ہیں۔ اگر کسی کو میڈیا کی پالیسیوں یا کوریج کے طریقۂ کار پر اعتراض ہے تو اس کا غصہ میدان میں موجود رپورٹرز اور کیمرہ پرسنز پر نکالنا کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر آفاق احمد خود یہ مؤقف رکھتے ہیں کہ میڈیا ہاؤسز ان کے جلسوں کی کوریج نشر نہیں کرتے تو پھر ان کی جماعت کے شعبہ اطلاعات کی جانب سے میڈیا نمائندوں کو بار بار کوریج کی دعوت دینا سمجھ سے بالاتر ہے۔ ایک طرف کوریج کی درخواست کرنا اور دوسری طرف صحافیوں کی تضحیک کرنا انتہائی افسوسناک اور غیر ذمہ دارانہ طرزِ عمل ہے۔کراچی یونین آف جرنلسٹس (دستور) نے مطالبہ کیا کہ آفاق احمد اپنے رویے پر فوری اور غیر مشروط معذرت کریں اور آئندہ کسی بھی صحافی یا میڈیا ورکر کے ساتھ ایسے رویے سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر صحافیوں کی عزت، تحفظ اور پیشہ ورانہ آزادی کو نشانہ بنایا گیا تو کراچی یونین آف جرنلسٹس (دستور) خاموش تماشائی نہیں بنے گی بلکہ صحافی برادری کے ساتھ مل کر ہر جمہوری اور قانونی فورم پر بھرپور آواز اٹھائے گی۔کے یو جے دستور نے ملک بھر کی صحافی تنظیموں سے بھی اپیل کی کہ وہ میڈیا ورکرز کے وقار کے تحفظ کے لیے متحد ہو کر ایسے تمام واقعات کے خلاف مشترکہ مؤقف اختیار کریں تاکہ مستقبل میں کسی بھی سیاسی یا غیر سیاسی شخصیت کو صحافیوں کی تذلیل کی جرات نہ ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں